دنیا

شام: دمشق ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازیں اگلے ہفتے بحال ہونے کا امکان

دنیا بھر سے پروازوں کی آمدورفت کے لیے حلب اور دمشق ایئرپورٹس کی بحالی کا کام شروع کردیا ہے، پروازیں 7 جنوری کو بحال ہوں گی، سربراہ سول ایوی ایشن

شام نے باغیوں کے معزول صدر بشارالاسد کا تختہ الٹنے کے بعد ملک کے مرکزی ایئرپورٹ سے 7 جنوری کو پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے سرکاری نیوز ایجنسی ’صنعا‘ کے حوالے سے بتایا کہ ’ دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے پروازیں 7 جنوری کو بحال ہوں گی۔’

سول ایوی ایشن اور ایئر ٹرانسپورٹ کے سربراہ اشھد الصلیبی کا کہنا تھا کہ ’ ہم نے حلب اور دمشق ایئرپورٹس کی بحالی کا کام شروع کردیا ہے تاکہ دنیا بھر سے پروازیں یہاں لینڈ کرسکیں۔’

خیال رہے کہ شام میں امدادی طیاروں اور غیر ملکی وفود کے لیے پروازیں پہلے ہی بحال کی جا چکی ہیں، علاوہ ازیں اندرون ملک میں بھی پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

دریں اثنا جمعرات کے روز قطر ایئرویز نے شام کے دارالحکومت دمشق کے لیے 13 سال بعد پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ ماہ ایک قطری عہدیدار نے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ دوحا نے شامی حکام کو دمشق ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشنز کی بحالی میں تعاون کی پیشکش کی تھی۔

واضح رہے کہ شام میں بشارالاسد حکومت کے خاتمے کے بعد اندرون ملک پہلی پرواز 18 دسمبر کو بحال ہوئی تھی۔