پاکستان

ایف آئی اے کی کارروائیاں، یونان کشتی حادثے کے انسانی اسمگلرز سمیت 7 ملزمان گرفتار

ملزمان میں عبدالمجید، قاری جان محمد، حسن بٹ شامل ہیں، سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے، لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث ہیں، ایف آئی اے

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ انسانی اسمگلرز سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ایف آئی اے ٹیم نےگوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اورگجرات میں کارروائی کرکے یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ انسانی اسمگلر سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کیا۔

رپورٹ کے مطابق کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر عبدالمجید نے فہد خالد نامی شہری کو سمندر کے راستے یونان بھجوانے کے لیے 42 لاکھ روپے بٹورے تھے، حادثے میں متاثرہ شہری لاپتہ ہوگیا تھا۔

ایف آئی اے نے دوسری کارروائی ایبٹ آباد میں کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر قاری جان محمد کو گرفتار کیا، گرفتار ملزم کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ انسانی اسمگلنگ میں مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل تھا۔

ملزم شہریوں کو غیر قانونی راستے کے ذریعے یورپ بھجوانے میں ملوث تھا، زیر حراست قارن جان محمد کے موبائل فون سے انسانی اسمگلنگ سے متعلق ٹھوس شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں۔

اسی طرح ایف آئی اے اسلام آباد ٹیم نے بھی کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث اشتہاری ملزم حسن بٹ کو جلال پور جٹاں سےگرفتار کرلیا۔

ملزم نے شہریوں کو غیر قانونی طور پر ترکیہ سے یورپ بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے وصول کیے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے ملک بھر میں انسانی اسمگلرز کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

دو روز قبل ایف آئی اے کے اسلام آباد زون نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

اس سے قبل یکم جنوری کو بھی ایف آئی اے نے اسلام آباد اور پنجاب میں مختلف کارروائیوں کے بعد انسانی اسمگلرز سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

یونان اور لیبیا کشتی حادثوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے وزیر اعظم کے واضح احکامات جاری کیے جانے کے بعد ایف آئی اے نے انسانی اسمگلرز سمیت اپنے محکمے کے افسران کے خلاف بھی کارروائیاں کی ہیں۔