لائف اسٹائل

جوانی میں میرے بھی افیئرز رہے، عفت عمر کا انکشاف

خواتین کی آزادی اور خود مختاری اس وقت ہی ممکن ہے جب پارلیمنٹ سمیت حکومت اور فیصلہ سازی میں خواتین کی اکثریت ہوگی، اداکارہ

ماڈل، اداکارہ و ٹی وی میزبان عفت عمر نے انکشاف کیا ہے کہ باقی لڑکیوں کی طرح جوانی میں ان کے افیئرز بھی رہے اور انہوں نے کبھی اپنے افیئرز اور اسکینڈلز کو تسلیم کرنے سے انکار نہیں کیا۔

حال ہی میں عفت عمر ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے سیاست اور فیمنزم سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ عمران خان نہیں بلکہ ان جیسی ذہنیت رکھنے والے افراد کے خلاف ہیں، جب سے عمران خان سامنے آئے ہیں، تب سے ملک میں انتشار پھیلا ہوا ہے۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور عہدیداروں پر بھی تنقید کرتی ہیں۔

عفت عمر کا کہنا تھا کہ خواتین کی آزادی اور خود مختاری اس وقت ہی ممکن ہے جب پارلیمنٹ سمیت حکومت اور فیصلہ سازی میں خواتین کی اکثریت ہوگی۔

ماڈلنگ میں آنے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ جب وہ میٹرک میں زیر تعلیم تھیں، تب کسی پروگرام کے دوران اس وقت کی ایک خاتون صحافی نے ان کی تصاویر کھینچیں جو کہ روزنامہ جنگ کے رنگین صفحے پر شائع ہوئیں، جس کے بعد اخبار والوں نے فون کرکے انہیں ماڈلنگ کی پیش کش کی جو کہ انہوں نے قبول کرلی۔

ان کے مطابق جب انہیں ماڈلنگ کی پیش کش ہوئی، تب ان کی والدہ تھائی لینڈ گئی ہوئی تھیں اور انہوں نے ان کی اجازت کے بغیر ماڈلنگ کی حامی بھری اور اپنی سہیلیوں کے ہمراہ جاکر شوٹ بھی کروایا۔

عفت عمر کا کہنا تھا کہ انہوں نے محض 16 برس کی عمر میں ماڈلنگ شروع کی، جس کے بعد انہیں ایک کے بعد ایک ادارے اور ایجنسی کی جانب سے پیش کش ہوتی رہی اور پھر ماڈلنگ اور اداکاری کا سلسلہ چل پڑا۔

انہوں نے شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی شوہر عمر سے ایک سہیلی کے ذریعے ملاقات ہوئی تھی، پہلے ان کے درمیان تعلقات استوار ہوئے اور پھر انہوں نے عمر پر شادی کے لیے دباؤ ڈالا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے نے بتایا کہ ان سے متعلق افواہ پھیلائی جاتی ہے کہ عفت عمر طلاق یافتہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین پر تنقید کرنے والے جو لوگ کہتے ہیں کہ 35 طلاق یافتہ فیمنسٹ خواتین تحریک کے پیچھے ہیں، ان 35 میں انہیں بھی شمار کیا جاتا ہے۔

اسی حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے عفت عمر نے دعویٰ کیا کہ ان کا اسکینڈل یا افیئر اس لیے کبھی سامنے نہیں آیا، کیوں کہ وہ ایسی طبیعت کی تھی ہی نہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ان کے افیئرز نہیں تھے، جوانی میں دوسری لڑکیوں کی طرح ان کے بھی افیئرز تھے۔

عفت عمر کے مطابق جوانی میں جس طرح لڑکے اور لڑکیوں کے افیئرز ہوتے ہیں، ان کے بھی تھے اور انہوں نے کبھی ایسے افیئرز سے انکار نہیں کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ چوں کہ ان کے افیئرز معروف افراد سے نہیں تھے، اس لیے ان کے کبھی اسکینڈل سامنے نہیں آئے۔

میری عمر میری مرضی، عفت عمر کا تنقید کرنے والوں کو جواب

زندگی کے 52 سال مکمل ہونے کے جشن کی ویڈیو پرعفت عمر کو تنقید کا سامنا

میرا وقت ختم ہوچکا، دوسروں کو دیکھ کر لطف اندوز ہوتی ہوں، عفت عمر