لائف اسٹائل

ولیمے سے شہریار منور کی شادی کی تقریبات کا اختتام

شہریار منور اور ماہین صدیقی کی شادی میں روایتی سندھی رسومات بھی ادا کی گئیں، جن میں ’لانئوں‘ کی رسم سرفہرست ہے۔

معروف اداکار شہریار منور اور اداکارہ ماہین صدیقی کی جانب سے 30 اور 31 دسمبر کی درمیانی شب ولیمے کی تقریب منعقد کی گئی۔

دونوں نے 27 اور 28 دسمبر کی درمیانی شب نکاح کیا تھا جب کہ ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز دسمبر کے وسط میں ہی ہوگیا تھا۔

شہریار منور اور ماہین صدیقی کی شادی کی متعدد تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں ہلدی، مہندی، موسیقی اور قوالی نائٹ سمیت دوسری تقریبات شامل تھیں۔

دونوں کی شادی کی تقریبات میں ماہرہ خان اور مومل شیخ جیسی بڑی اداکاراؤں نے بھی ڈانس کیے اور ان کی ویڈیوز وائرل ہوئیں۔

شہریار منور اور ماہین صدیقی کی شادی میں روایتی سندھی رسومات بھی ادا کی گئیں، جن میں ’لانئوں‘ کی رسم سرفہرست ہے۔

سندھی روایتی شادیوں میں ادا کی جانے والی ’لانئوں‘ کی رسم کو رواں برس کے مقبول ڈرامے ’عشق مرشد‘ میں بھی دکھایا گیا تھا جب کہ ماضی میں پہلی مسلمان سپر ہیرو امریکی ویب سیریز ’مس مارول‘ میں بھی مذکورہ رسم کو دکھایا گیا تھا۔

’لانئوں‘ کی رسم نکاح کے بعد دلہن کی رخصتی کے وقت ادا کی جاتی ہے، جس میں دلہا اور دلہن کے سر ایک دوسرے سے ٹکرائے جاتے ہیں اور عام طور دونوں کے سر سات مرتبہ ٹکرائے جاتے ہیں۔

اسی دوران دلہا اور دلہن کے درمیان ایک کھیل بھی کھیلا جاتا ہے، دلہن کو مُٹھی میں نمک چینی بند کرنے کا کہا جاتا ہے اور دلہا کو ان کی مُٹھی کھولنے کا کہا جاتا ہے، اس دوران دلہن کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ دلہے کو ناکام بنائے۔

یہی عمل دلہن بھی دہراتی ہے اور وہ بھی اپنے دلہا کی بند مُٹھی کھولنے کا مظاہرہ کرتی ہے، عام طور پر دلہا اپنی دلہن کو خوش کرنے کے لیے اس کی تھوڑی سی کوشش میں بھی اپنی مُٹھی خود ہی کھول دیتا ہے۔

دونوں کی جانب سے شادی میں سندھی رسم ادا کرنے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

شہریار منور نے 31 دسمبر کو دلہن کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے ولیمے سے متعلق بتایا اور لکھا کہ دونوں نے ولیمے کے دوران روایتی سرخ عروسی لباس پہنا۔

شہریار منور اور ماہین صدیقی نے نکاح کرلیا

شہریار منور کی شادی کی تقریبات کا آغاز، ویڈیوز و تصاویر وائرل

شہریار منور کی شادی کی قوالی نائٹ کی تصاویر وائرل