پاکستان

ایم کیو ایم پاکستان کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی موہن منجیانی مستعفی

رواں سال مارچ میں بھی پارلیمنٹ کے وجود میں آنے کے بعد بھی موہن منجیانی کے استعفے کا تنازع سامنے آیا تھا۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے رکن قومی اسمبلی موہن منجیانی اپنی نشست سےمستعفی ہوگئے۔موہن منجیانی نےپارٹی قیادت کو اعتماد میں لےکراستعفیٰ دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی موہن منجیانی مستعفی ہو گئے، وہ اقلیتی نشست پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق موہن منجیانی نے ذاتی وجوہات پر پارٹی قیادت کو اعتماد میں لے کر مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا اور استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادیا۔

واضح رہے کہ رواں سال پارلیمنٹ کے آغاز کے فوری بعد الیکشن کمیشن نے پارٹی کی جانب سے استعفیٰ ارسال کیے جانے کے بعد موہن منجیانی کی رکنیت معطل کردی تھی۔

ایم کیو ایم نے موہن منجیانی کا استعفیٰ الیکشن کو بھجواتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی نجی وجوہات کے پیش نظر عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔

صورتحال میں اس وقت ڈرامائی موڑ آیا تھا جب الیکشن کمیشن کے فیصلے کے چند گھنٹے بعد ہی ڈاکٹر موہن نے نجی نیوز چینل سے گفتگو میں استعفے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مبینہ استعفیٰ ایم کیو ایم پاکستان کا منصوبہ ہے البتہ انہوں نے اس کی وجوہات نہیں بتائی تھیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں جمع کرایا گیا استعفیٰ انہوں نے تحریر نہیں کیا گیا جبکہ ان کا دستخط بھی جعل سازی سے کیا گیا ہے، وہ دبئی میں تھے اور اس معاملے کو الیکشن ٹریبونل میں لے کر جائیں گے۔

اسی دوران سوشل میڈیا پر یہ رپورٹس گردش کرنے لگیں کہ ایم کیو ایم نے ایک مخصوص رقم عطیہ کیے جانے کے بدلے ڈاکٹر موہن منجیانی کو مخصوص نشست دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن دونوں فریقین کے درمیان تنازع پیدا ہو گیا اور معاہدہ کھٹائی میں پڑ گیا۔

البتہ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے اس حوالے سے بیان میں کہا تھا کہ انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر ڈاکٹر موہن منجیانی کو استعفیٰ دینے کا کہا گیا تھا کیونکہ رپورٹس کے مطابق وہ غیرقانونی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

ڈاکٹر موہن منجیانی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کے ٹکٹ پر اقلیتی نشست پر ایم این اے نامزد کیا گیا تھا۔

تاہم الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر منجیانی کی جانب سے استعفیٰ ملنے کے بعد رکن قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا جس میں انہوں نے قومی اسمبلی کی نشست برقرار نہ رکھنے کی ’ذاتی وجوہات‘ کا حوالہ دیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی ڈاکٹر منجیانی نے ایک نجی نیوز چینل پر اس کی تردید کی اور اپنے مبینہ استعفے کو ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے تیار کردہ قرار دیا۔ انہوں نے تفصیل میں نہیں گئے اور نہ ہی اپنے دعوے کے پیچھے کوئی وجہ بتائی۔