پاکستان

لاہور: لیبیا کشتی سانحہ کے اشتہاری ملزم راشد محمود کو گرفتار کر لیا، ایف آئی اے

ملزم معصوم لوگوں کو یورپ بھجوانے کے جھانسا دے کر ان سے لاکھوں روپے بٹورتا تھا، ترجمان ایف آئی اے
|

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، آج لیبیا کشتی سانحہ کے اشتہاری ملزم راشد محمود کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بتایا کہ ملزم معصوم لوگوں کو یورپ بھجوانے کے جھانسا دے کر ان سے لاکھوں روپے بٹورتا تھا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی گرفتاری ڈال کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی، لوگوں کو یورپ کے سنہری خواب دکھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 20 دسمبر کو ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کے بدنام زمانہ اشتہاری ملزم محمد سلیمان کو گجرات سے گرفتار کرلیا تھا۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا تھا کہ گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام کروڑوں روپے ہتھیائے تھے، ملزم نے 7 متاثرین سے فی کس 24 لاکھ روپے وصول کئے تھے، ملزم نے گینگ کے دیگر ملزمان کی مدد سے متاثرین کو پہلے لیبیا براستہ مصر اور دبئی بھجوایا تھا۔

متاثرین کو لیبیا میں موجود سیف ہاؤسز میں نہایت برے حالات میں رکھا گیا تھا، بعد ازاں ملزم نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی، کشتی حادثے میں متاثرہ شہریوں کی موت واقع ہوگئی تھی۔

(26 دسمبر) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے یونان اور لیبیا کشتی حادثے میں ملوث خاتون سمیت 2 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کر لیا تھا۔

اس سے قبل 24 دسمبر کو پنجاب کے ضلع منڈی بہاالدین کے علاقے پھالیہ میں ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث ایک اور انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا تھا۔

ایف آئی اے نے 22 دسمبر کو یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، ملزمان نے متاثرین سے مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔

گرفتار ملزمان میں محمد اسلم ،سعید احمد شامل تھے، جبکہ ملزم محمد اسلم یونان کشتی حادثے میں ملوث تھا اور ملزم انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا کارندہ ہے، گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام لاکھوں روپے ہتھیائے۔

16 دسمبر کو یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے متعدد تارکین وطن سمیت 40 پاکستانیوں کی موت ہو گئی تھی۔

واقعے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ سے متعلق جاری تحقیقات جلد از جلد مکمل کر کے ٹھوس سفارشات پیش کرنے، سہولت کاری میں ملوث وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اہلکاروں کی نشاندہی اور ان خلاف کے سخت کارروائی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کو آپس کے رابطے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔