کوئٹہ: 36 گھنٹے بعد گیس پائپ لائن کی مرمت مکمل، متاثرہ علاقوں کو گیس کی فراہمی بحال

نامعلوم افراد نے مغربی بائی پاس پر سوئی سدرن گیس کمپنی کی 18 انچ قطر پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا تھا، ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے سے تباہ ہونے والی گیس پائپ لائن کی مرمت 36 گھنٹے بعد مکمل کرلی گئی اور صوبے کو گیس کی فراہمی بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دو روز نامعلوم افراد نے مغربی بائی پاس پر سوئی سدرن گیس کمپنی کی 18 انچ قطر پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا۔

ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے جاری بیان میں بتایا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں کی تخریب کاری کی وجہ سے 18 انچ قطر کی پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں بالائی بلوچستان اور کوئٹہ شہر کو گیس کی سپلائی معطل ہو گئی تھی۔

ترجمان کی جانب سے رات گئے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ تباہ شدہ گیس پائپ لائن کو کامیابی سے تبدیل کردیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس ایس جی سی کے انجینئرز اور دیگر عملے نے سخت موسم کے باوجود مرمت کا کام مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرلیا اور پائپ لائن دھماکے سے متاثر کوئٹہ اور شمالی بلوچستان کے دیگر قصبوں اور شہروں کو گیس کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔

ترجمان سوئی سدرن گیس نے بتایا کہ ہمیں اس افسوسناک واقعے سے ہونے والی تکلیف پر افسوس ہے اور ہم اپنے صارفین کے تعاون کو سراہتے ہیں۔

یاد رہے کہ گیس کی بندش سے متاثر ہونے والے علاقوں میں کچلاک، زیارت، بوستان، یارو، کربلا، حرمزئی، پشین، خانوزئی اور کوئٹہ کے کچھ حصے جیسے ایئرپورٹ روڈ، نوا کلی، جناح ٹاؤن، اے ون سٹی اور ہزار گنجی شامل ہیں۔

دوسری جانب، ایل پی جی کی دکانوں پر لمبی قطاریں دیکھی گئیں کیونکہ کوئٹہ اور آس پاس کے علاقے پائپ لائن پھٹنے کے بعد سے گیس سے محروم تھے لہذا وہ چھوٹے سلنڈر وں کو بھرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

گیس ڈیلرز نے رکاوٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایل پی جی کی قیمت 200 سے 250 روپے فی کلو سے بڑھا کر 300 سے 350 روپے فی کلو کردی۔

ادھر، محکمہ انسداد دہشت گردی نے تخریب کاری کے الزام میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔