کھیل

’اے بی ایل اسٹالیئنز‘ نے ’یو ایم ٹی مارخورز‘ کو شکست دے کر چیمپئنز ٹی 20 کپ کا فائنل جیت لیا

اسٹالیئنز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 75 رنز سے کامیابی حاصل کی، یاسر خان کو شاندار سینچری اسکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

’اے بی ایل اسٹالیئنز‘ نے ’یو ایم ٹی مارخورز‘ کو یکطرفہ مقابلے میں 75 رنز سے شکست دے کر بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی 20 کپ کے پہلے ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے فائنل میں اسٹالیئنز کے کپتان محمد حارث نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

اسٹالیئنز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز اسکور کیے، یاسر خان نے 57 گیندوں پر 5 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے شاندار سینچری اسکور کی، آل راؤنڈر جہانداد خان 22 رنز بنا کر نمایاں رہے، مارخورز کی جانب سے عاکف جاوید نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں خواجہ محمد نافع اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں کوئی بڑا اسکور نہ کرسکے۔

فخرزمان 20 اور خواجہ نافع صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد وقفے وففے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 124 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، فاسٹ باؤلر محمد علی نے 3 شکار کیے، جہانداد خان 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یاسر خان کو شاندار سینچری اسکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔