کھیل

جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون کا اعلان، محمد عباس کی 3 سال بعد واپسی

باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے 11 رکنی اسکواڈ میں چار فاسٹ باؤلرز شامل، محمد عباس کی ٹیم میں 3 سال بعد واپسی، قومی ٹیم کی جانب سے صائم ایوب اور شان مسعود اوپن کریں گے۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف سینچورین میں کل سے شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا، انگلینڈ کے خلاف ہوم سیزیز کے آخری دو میچوں کے لیے ڈراپ ہونے والے بابراعظم کی واپسی ہوئی ہے جبکہ فاسٹ باؤلر محمد عباس کو ٹیم میں 3 سال بعد شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ سینچورین اور دوسرا میچ 3 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم نے سینچورین کی وکٹ کو دیکھتے ہوئے 4 فاسٹ باؤلرز کے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا ہے، انگلینڈ کے خلاف آخری دو ٹیسٹ میں ڈراپ ہونے والے بابر اعظم کی بھی واپسی ہوئی ہے جبکہ ون ڈے سیریز میں مسلسل ناکام رہنے والے عبداللہ شفیق بھی پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنا سکے۔

اس کے علاوہ فاسٹ باؤلر محمد عباس نے بھی قومی ٹیم میں تین سال بعد کم بیک کیا ہے، پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور شان مسعود اوپن کریں گے جبکہ بابر اعظم نمبر تین اور کامران غلام چوتھے نمبر پر بلے بازی کے لیے آئیں گے۔

پلیئنگ الیون پاکستان

شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، صائم ایوب، کامران غلام، سلمان علی آغا، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال، نسیم شاہ، خرم شہزاد، محمد عباس

بیٹنگ اور فاسٹ باؤلنگ دونوں ٹیموں کے لیے میچ میں اہم کردار ادا کریں گی، شان مسعود

قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے میچ سے ایک روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ اور فاسٹ باؤلنگ دونوں ٹیموں کے لیے میچ میں اہم کردار ادا کریں گی، دونوں ٹیموں نے ایک جیسے ٹیم کمبینیشن کے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا ہے، جنوبی افریقہ کے پاس چار سیمرز ہیں، پچ کو دیکھتے ہوئے آپ کو اپنے فاسٹ باؤلرز پر بھروسہ کرنا ہوگا۔’

پچ اور موسم کی صورتحال

میچ میں مجموعی طور پر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ دونوں ٹیموں نے پچ کے فاسٹ باؤلنگ کے لیے سازگار ہونے کی وجہ سے چار، چار فاسٹ باؤلرز کے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقہ کے دورے میں 3 ٹی20، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ہونے والی ٹی 20 سیزیز میں پروٹیز نے 0-2 صفر سے فتح حاصل کی تھی جبکہ تیسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو وائٹ واش کیا تھا۔