پاکستان

منڈی بہاالدین: یونان کشتی حادثے میں ملوث ایک اور انسانی اسمگلر گرفتار

زیر حراست ملزم مدثر علی انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا کارندہ ہے، ایف آئی اے گوجرانوالہ زون

پنجاب کے ضلع منڈی بہاالدین کے علاقے پھالیہ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث ایک اور انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحٰق جہانگیر کی ہدایات پر یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم مدثر علی کو پھالیہ سے حراست میں لیا، تحقیقاتی ادارے کے مطابق ملزم انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا کارندہ ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے یورپ بھجوانے کے نام پر احتشام انجم نامی شہری سے 34 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے، احتشام کو پہلے لیبیا بھجوایا اور وہاں سے کشتی کے ذریعے یونان بھجوانے کی کوشش کی، یونان میں ہونے والے کشتی حادثے میں احتشام لاپتہ ہوا۔

ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون کا کہنا تھا کہ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ ایف آئی اے نے دو روز قبل (22 دسمبر) کو یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، ملزمان نے متاثرین سے مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔

گرفتار ملزمان میں محمد اسلم ،سعید احمد شامل تھے، جبکہ ملزم محمد اسلم یونان کشتی حادثے میں ملوث تھا اور ملزم انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا کارندہ ہے، گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام لاکھوں روپے ہتھیائے۔

16 دسمبر کو یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے متعدد تارکین وطن سمیت 40 پاکستانیوں کی موت ہو گئی تھی۔

واقعے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ سے متعلق جاری تحقیقات جلد از جلد مکمل کر کے ٹھوس سفارشات پیش کرنے، سہولت کاری میں ملوث وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اہلکاروں کی نشاندہی اور ان خلاف کے سخت کارروائی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کو آپس کے رابطے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔