جی ایچ کیو حملہ کیس میں ایک اور ملزم پر فرد جرم عائد
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) حملہ کیس میں ایک اور ملزم پر فرد جرم عائد کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں 9 مئی کو جی ایچ کیو پر حملے کے کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملے کے ایک اور ملزم پر فرد جرم عائد کردی، سابق رکن قومی اسمبلی بلال احمد پر ان کے پلیڈر کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی جب کہ مقدمے میں نامزد دیگر 2 ملزمان کو عدالت نے 3 بجے تک پیش ہونے کا وقت دے دیا۔
بعد ازاں، عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی۔
دوسری جانب، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی جانب سے سی سی ٹی وی فوٹیجز فراہم کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
عدالت آج ہی تینوں درخواستوں پر فیصلہ سنائے گی۔
پس منظر
واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔
اس دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔