پاکستان

مزید وزارتیں، ادارے ختم، ضم کرکے ہزاروں اسامیاں بند کرنے کی سفارشات تیار

حکومت کے رائٹ سائزنگ اقدام کے دوسرے مرحلے کی تیار کردہ سفارشات کل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔

حکومت نے رائٹ سائزنگ کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کا فیصلہ کرلیا اور حکومت کی رائٹ سائزنگ کمیٹی نے مزید کچھ وزارتیں اور ادارے ختم یا انہیں دیگر محکموں میں ضم کرکے مزید ہزاروں اسامیاں بند کرنے کی سفارشات تیار کر لیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق دوسرے مرحلے سے متعلق رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات تیار کرلی گئی ہیں، یہ سفارشات وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے تیار کی ہیں۔

سفارشات آج وفاقی کابینہ میں منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی جس کے تحت 5 وزارتوں کے درجنوں ادارے ختم کرنے کی تجویز ہے۔

اس کے علاوہ مختلف اداروں کو ضم کرنے، نجی شعبے کے سپرد کرنے کی بھی تجاویز شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رائٹ سائزنگ کمیٹی کی جانب سے ہزاروں اسامیاں ختم کرنے کی بھی سفارش کی جائے گی، سفارشات میں افسروں، ماتحت ملازمین کی شرح میں 50 فیصد تک کمی کی سفارش بھی تجاویز میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہاؤسنگ، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری بورڈ، نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی وزارتیں دوسرے مرحلے میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ستمبر میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ حکومت نے 6 وزارتیں ختم اور 2 ضم کرنے اور سرکاری اداروں میں اصلاحات لانے پر عملد درآمد شروع کر دیا ہے جب کہ وزارتوں میں خالی ڈیڑھ لاکھ اسامیاں ختم کی جا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ 16 اگست کو وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں کمیٹی کی سفارشات پر انتظامی اخراجات کو کم کرنے اور ریاستی مشینری کو ہموار کرنے کی غرض سے وفاقی حکومت نے 5 وزارتوں کے 28 محکموں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

کمیٹی کی جانب سے وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی تھی، جہاں 5 وزارتوں میں اصلاحات سے متعلق بتایا گیا، جن میں کشمیر افیئرز اور گلگت بلتستان، اسٹیٹس اینڈ فرنٹیئر ریجنز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن، انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن اینڈ نیشنل ہیلتھ سروسز شامل ہیں۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ اجلاس میں وزارت کشمیر افئیرز اور گلگت بلتستان کو اسٹیٹ اینڈ فرنٹیئر ریجنز میں ضم کرنے کی تجویز دی گئی، جبکہ 5 وزارتوں میں موجود 28 مختلف محکموں کو بھی بند کرنے، نجکاری کرنے یا پھر ان محکموں کو فیڈرل یونٹس کو دینے کی تجویز دی گئی، پانچ وزارتوں کے اندر 12 اداروں کو مضبوط کرنے کی تجویز بھی دی گئی تھی۔