پاکستان

الیکشن کمیشن کی اراکین پارلیمنٹ کو 31 دسمبر تک گوشوارے جمع کروانے کی ہدایت

اراکین پارلیمنٹ اہلخانہ اور زیر کفالت افراد کے گوشوارے جمع کرانے کے بھی پابند ہیں، تفصیلات فراہم نہ کرنے والے اراکین کی رکنیت معطل کردی جائے گی، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 31 دسمبر تک قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کو گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے خبردار کیا کہ اراکین پارلیمنٹ اہلخانہ اور زیر کفالت افراد کے گوشوارے جمع کرانے کے بھی پابند ہیں، گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کردی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کا مزیدکہنا تھا کہ گوشواروں میں غلط معلومات جمع کرانے کی صورت میں سیکشن 137 کے تحت کی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ رواں سال اکتوبر میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر قومی اور صوبائی اسمبلی کے 18 اراکین کو نااہل قرار دے دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 11 اور سندھ اسمبلی کے 7 اراکین کو نااہل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔