پاکستان

سال 2025 میں کتنی سرکاری چھٹیاں ہوں گی؟ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا

حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق سال 2025 میں 40 عام تعطیلات اور اختیاری چھٹیاں ہوں گی۔

حکومت نے سال 2025 میں عام تعطیلات اور اختیاری چھٹیوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق آئندہ سال میں 40 چھٹیاں ہوں گی۔

ڈان نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق سال 2025 میں 40 عام تعطیلات اور اختیاری چھٹیاں ہوں گی، آئندہ سال 17 عام تعطیلات اور 23 اختیاری چھٹیاں ہوں گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق 5 فروری 2025 کو یوم کشمیر کی عام تعطیل ہوگی جب کہ 23 مارچ 2025 کو یوم پاکستان، یکم مئی 2025 کو یوم مزدور اور یوم تکبیر کے موقع پر 28 مئی 2025 کو عام تعطیل ہوگی۔

حکومت کے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ 30 ،31 مارچ اور یکم اپریل 2025 کو عید الفطر کی 3 چھٹیاں ہوں گی جب کہ 7 سے 9 جون 2025 کو عیدالاضحی کی 3 چھٹیاں ہوں گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق 5 اور 6 جولائی 2025 کو 9 اور 10 محرم الحرام کی چھٹیاں ہوں گی، 14 اگست 2025کو یوم آزادی، 5 یا 6 ستمبر 2025 کو عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے عام تعطیل ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ 9 نومبر 2025کو یوم اقبال، 25 دسمبر 2025 کو یوم قائداعظم/کرسمس کی عام تعطیل ہوگی جب کہ 26 دسمبر 2025 کو مسیحی ملازمین کے لیے یوم کرسمس کے بعد کی عام تعطیل ہوگی۔

حکومت نے نوٹی فکیشن میں کہا کہ سال 2025 کے لیے اسلامی چھٹیاں متوقع تاریخ کے حساب سے طے کی گئی ہیں، چاند کی رویت کے حساب سے چھٹیوں کا الگ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ سال 2025 میں یکم جنوری، یکم مارچ، یکم جولائی کو بینکوں کی چھٹی ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا کہ مسلم حکومتی ملازمین کو ایک سال میں ایک سے زیادہ آپشنل چھٹی نہیں ملے گی اور غیر مسلم حکومتی ملازمین کو سال میں 3 سے زائد آپشنل چھٹیاں نہیں ملیں گی۔