پاکستان

محکمہ صحت پنجاب کا موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے حاضری لگانے کا فیصلہ

موبائل ایپلیکیشن حاضری کو صوبہ بھر کے ہسپتالوں تک پھیلانے کے احکامات جاری کردیے، سیکریٹری صحت

محکمہ صحت پنجاب نے موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے پروفیسرز کی حاضری لگانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ اس فیصلے پر عمل درآمد سروسز اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں شروع کردیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے پروفیسرز کی ہسپتالوں میں حاضری کو یقینی بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے پروفیسرز کی حاضری لگانے کا آغاز کردیا ہے۔

ایپلی کیشن کے مطابق پہلے روز سروسز ہسپتال کے 81 اور پی آئی سی کے 33 فیصد پروفیسرز غیر حاضر رہے جب کہ دوسرے روز سروسز ہسپتال میں 41 فیصد اور پی آئی سی میں 24 فیصد پروفیسرز غیر حاضر پائے گئے۔

اس حوالے سے سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ موبائل ایپلی کیشن حاضری کو صوبہ بھر کے ہسپتالوں تک پھیلانے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موبائل ایپلی کیشن کی رپورٹ میں پروفیسرز کے حاضری نہ لگانے اور لیٹ آنے والوں کی فہرست بھی مرتب کی گئی ہے۔