پاکستان

گورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی حقوق کیلئے سیاسی اور تکنیکی کمیٹیاں تشکیل دے دی

کمیٹیاں صوبے کی خوشحالی، سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ اور تکنیکی امور پر تجاویز کے لیے خدمات فراہم کریں گی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حقوق کے لیے سیاسی اور تکنیکی کمیٹیاں تشکیل دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق پہلی گورنر خیبر پختونخوا آل پارٹیز کانفرنس کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں فیصل کریم کنڈی نے سیاسی اور تکنیکی کمیٹیوں کے ممبران کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق 11 رکنی سیاسی کمیٹی صوبے کی خوشحالی اور سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اہم معاملات پر مشاورت اور رابطہ کاری کے فرائض سرانجام دے گی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کے چیئرمین گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی ہوں گے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیر مقام، قومی وطن پارٹی کے سکندر حیات خان شیرپاؤ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا عطا الرحمٰن، عوامی نیشنل پارٹی کے میاں افتخار حسین، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے محسن داوڑ، جماعت اسلامی کے پروفیسر محمد ابراہیم خان، پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کمیٹی میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کمیٹی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سید محمد علی شاہ باچا اور ضم شدہ اضلاع کے نمائندہ شوکت اللہ خان بھی شامل ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق ایک 12 رکنی تکنیکی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس کے ممبران میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر عباد اللہ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا لطف الرحمٰن ، پاکستان پیپلز پارٹی کے احمد کریم کنڈی، جماعت اسلامی سے عنایت اللہ خان، قومی وطن پارٹی کے اخونزادہ سکندر زمان اور عوامی نیشنل پارٹی کے سنگین خان شامل ہیں۔

تکنیکی کمیٹی میں نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے کفایت اللہ خان، پاکستان تحریک انصاف کے ملک حبیب نور اورکزئی، ضم شدہ اضلاع کے غزن جمال اور اخونزادہ چٹان شامل ہیں۔

مذکورہ کمیٹی صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور تکنیکی امور پر تجاویز دینے کے لیے اپنی خدمات فراہم کرے گی، مذکورہ کمیٹی اہم تکنیکی معاملات پر مشاورت اور مختلف جماعتوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے کام کرے گی۔