دنیا

ایران میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 10 افراد جاں بحق

ایران میں مارچ 2023 سے مارچ 2024 کے درمیان سڑک حادثات میں 20 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں۔

ایران کے شمال مغربی صوبے لوریستان میں ایک بس کھائی میں گرنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ایران کے صوبے لوریستان میں بس کو حادثہ خراب روڈ اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

ہلال احمر سوسائٹی کے صوبائی سربراہ محمد غدامی نے ایران کی سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں علاقے میں روانہ کردی گئی ہیں، اور تمام افراد کو ریسکیو کی جارہا ہے۔

یاد رہے کہ صوبہ لوریستان ملک کے دارالحکومت تہران سے تقریبا 350 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔

اگست میں عراق جانے والے کم از کم 28 پاکستانی اس وقت جاں بحق ہو گئے تھے جب ان کی بس وسطی ایران میں گر کر تباہ ہو گئی تھی۔

جون 2004 میں ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان-بلوچستان میں پیٹرول ٹینکر اور بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں آگ لگنے سے 70 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

ٹرک رات کے وقت پولیس اسٹیشن کے قریب روکی گئی بس سے ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میں تقریبا 50 میٹر کے دائرے میں 6 بسوں اور 5 ٹرکوں کو آگ لگ گئی۔

مقامی میڈیا نے ایرانی عدلیہ کے فرانزک میڈیسن آرگنائزیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا روڈ سیفٹی ریکارڈ خراب ہے اور مارچ 2023 سے مارچ 2024 کے درمیان سڑک حادثات میں 20 ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔