پاکستان

کراچی میں بے خوف ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی

33 سالہ جمال کی 2 ہفتے بعد شادی تھی، رواں سال ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہریوں کی ہلاکت 111 تک پہنچ گئی۔

کراچی میں بے خوف ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی، تازہ واقعہ پیرآباد تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے شہری کو قتل کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں بنارس فلائی اوور پر ڈاکو شہری سے نئی موٹرسائیکل چھیننے کے دوران ڈاکوؤں نے مزاحمت پر نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

ڈاکو مقتول کی نئے ماڈل کی موٹر سائیکل چھین کر لے گئے اور اپنی موٹر سائیکل چھوڑ گئے، مقتول جمال میٹروول سائٹ بلاک فائیو کا رہائشی تھا اور آبائی تعلق سوات سے تھا، مقتول 5 بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔

لواحقین کے مطابق مقتول کی 2 ہفتے بعد شادی تھی، گھر میں شادی کی تیاریاں جاری تھیں اور مقتول نے حال ہی میں موٹر سائیکل خریدی تھی جس پر اپنے دوست کے ہمراہ چکر لگانے نکلا تھا۔

رواں سال ڈاکوؤں کے ہاتھوں 111 شہریوں قتل

2024 کے پہلے مہینے میں ڈاکوؤں نے 12 شہریوں کو قتل کیا، فروری میں صورتحال جنوری سے بھی زیادہ بدتر رہی، جہاں سرکاری افسر، 3 خواتین، 2 سگے بھائیوں، پولیس اہلکار اور 2 سالہ حرین سمیت 20 شہریوں کی جان لے لی گئی۔

مارچ میں دو خواتین سمیت 17 شہری موت کی آغوش میں دھکیل دیے گئے۔ اپریل میں سابق ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک اور خاتون سمیت 19 شہری ڈاکوؤں کا نشانہ بنے جب کہ مئی میں ڈاکوؤں نے 2 شہریوں سے زندگی چھین لی۔

ڈاکوؤں نے جون میں ہونہار طالب علم و انجینئر اتقا اور فلور مل مالک سمیت 10 شہریوں کی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ جولائی میں خاتون سمیت 3 شہریوں کو موت کی نیند سلادیا۔ اگست میں 6 شہریوں سے زندگی چھینی جب کہ ستمبر میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

اکتوبر میں پولیس اہلکار سمیت 6 شہریوں سے زندگی چھینی، نومبر میں سیکیورٹی ادارے کے سابق اہلکار سمیت 4 شہریوں کو ڈاکوؤں نے قتل کیا جب کہ سال کی آخری مہینے کے پہلے ہی روز جمشید کوارٹر میں حسن عارف جب کہ 20 دسمبر کو پیرآباد بنارس پل پر جمال کی زندگی کا خاتمہ کردیا۔