بیرون ملک کھیلوں کے دوران فرار ہونیوالے کھلاڑیوں، آفیشلز کی تفصیل سینیٹ میں پیش
وزارت برائے بین الاصوبائی رابطہ نے بیرون ممالک کھیلوں کے مقابلے کے دوران فرار ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کردی گئیں۔
تحریری طور پر سینیٹ میں جمع کرائے جواب میں کیا گیا کہ 2022 میں ہنگری میں ورلڈ چیمپیئن شپ مقابلوں کے دوران پاکستانی تیراک صفیان اکبر فرار ہوئے جب کہ 2022 میں برطانیہ میں کامن ویلتھ گیمز کے دوران دو پاکستانی باکسرز سلیمان بلوچ اور نظیر اللہ خان فرار ہوئے۔
اس میں بتایا گیا کہ مارچ 2024 میں اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں پاکستانی باکسر زوہیب اٹلی میں فرار ہوئے، باکسر زوہیب کے فرار کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے لیفٹیٹٹ کرنل (ر)ناصر اعجاز اور خالد محمود کو 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوا۔
اس کے علاوہ ممکنہ انسانی اسمگلنگ کرنے پر معاملے کو مزید تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سپرد کیا گیا۔
تحریری جواب میں وزارت بین الصوبائی نے بتایا کہ جون 2024 میں نیدرلینڈز اور پولینڈ میں ہاکی ٹیم کے 3 کھلاڑیوں اور ایک فزیو نے یورپ میں سیاسی پناہ کے لیے درخواست دی۔
اس میں بتایا گیا کہ معاملے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ان کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگا دیاور معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی۔