پاکستان

پاکستان کے تمام اہم شعبوں کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ

نومبر میں ٹیکسائل اورلیدر کی برآمدات 10 فیصد جبکہ ایگرو اور فوڈ سیکٹر کی برآمدات 4 فیصد بڑھیں۔
|

پاکستان کے تمام اہم شعبوں کی برآمدات میں نومبر کے دوران سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ ماہ ٹیکسائل اورلیدر کی برآمدات 10 فیصد جبکہ ایگرو اور فوڈ سیکٹر کی برآمدات 4 فیصد بڑھیں۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ماہ دیگر مینوفیکچرنگ مصنوعات کی برآمدات میں 3 فیصد اضافہ ہوا، نومبر میں سالانہ بنیادوں پر میٹلز اور جیمز کی برآمدات 19 فیصد بڑھیں۔

گزشتہ ماہ منرلز اور پیٹرولیم کی برآمدات میں 10 فیصد کا اضافہ ہوا، نومبر میں کیمیکل، فرٹیلائرز اورفارماسیوٹیکل کی برآمدات 13 فیصد بڑھیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ نومبر میں ٹیکسائل اور لیدر کی برآمدات ایک ارب 54 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہیں، اسی مدت میں ایگرو اورفوڈ سیکٹر کی برآمدات 80 کروڑ ڈالر سے زائد رہیں۔

ذرائع کے مطابق نومبر میں دیگر مینوفیکچرنگ مصنوعات کی برآمدات 20 کروڑ 13 لاکھ ڈالر رہیں، گزشتہ ماہ میٹلز اینڈ جیمز کی برآمدات کا حجم 11 کروڑ 51 لاکھ ڈالر رہیں۔