ذاکر نائیک کی دریائے نیل میں تیراکی کی ویڈیوز و تصاویر وائرل
معروف مبلغ و اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی جانب سے افریقی ملک یوگنڈا میں سیر سپاٹوں کے دوران دریائے نیل میں تیراکی کرنے اور 165 فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگانے کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔
ذاکر نائیک ان دنوں یوگنڈا کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں وہ مختلف شہروں میں مذہبی اجتماعات و تقریبات سے خطاب کریں گے۔
ذاکر نائیک نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر یوگنڈا کے سرکاری دورے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں انہیں سخت سیکیورٹی کے حصار میں ایک سے دوسری جگہ بھی منتقل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
مبلغ و اسکالر نے یوگنڈا میں مذہبی اجتماعات اور تقریبات میں خطاب کرنے کی ویڈیوز بھی شیئر کیں۔
ساتھ ہی ذاکر نائیک نے بیٹے اور اپنے اسٹاف کے ہمراہ تاریخی دریائے نیل میں تیراکی کرنے اور اسی دریا کے کنارے واقع سیاحتی مقام پر چھلانگ لگانے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کیں۔
انہوں نے یوگنڈا کے دیگر تفریحی مقامات اور پارکس کے سیر سپاٹوں کی ویڈیوز بھی شیئر کیں، جنہیں ان کے مداحوں کی جانب سے کافی سراہا گیا۔
ذاکر نائیک نے بیٹے اور اسٹاف کے ہمراہ دریائے نیل میں لائف سیونگ جیکٹس کے ساتھ تیراکی کرنے کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں ان کی کشتی کو الٹتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اسی طرح انہوں نے یوگنڈا کے شہر جنجا کے سیاحتی مقام پر دریائے نیل کے کنارے 165 فٹ بلند پہاڑی سے چھلانگ لگانے کی تصاویر بھی شیئر کیں جو کہ بھارتی اور پاکستانی سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئیں۔
ذاکر نائیک کی جانب سے ’بنجی جمپنگ‘ کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیے جانے کے بعد مداحوں نے ان پر دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے مبلغ و اسکالر کو حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
خیال رہے کہ ذاکر نائیک رواں برس اکتوبر میں پاکستانی دورے پر بھی آئے تھے، جس دوران انہوں نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف اجتماعات و تقریبات سے خطاب بھی کیا تھا۔