پاکستان

کراچی: پولیس اہلکار نے سرنڈر کرنے والے ڈاکو کو گولی مار کر ہلاک کردیا، ویڈیو سامنے آگئی

واقعہ گزشتہ روز نیو ایم اے جناح روڈ پر واقع پردہ پارک کے باہر پیش آیا تھا، موٹرسائیکل سوار ملزم ہتھیار پھینک کر معافی مانگتا رہا، اہلکار نے ملزم کو زد وکوب کرنے کے بعد گولی ماردی

کراچی کے نیو ایم اے جناح روڈ پر واقع پردہ پارک کے باہر مبینہ پولیس مقابلے کا پول کھل گیا، پولیس اہلکاروں نے سرنڈر کرکے رحم کی بھیک مانگنے والے ملزم کو گولی مار کر ہلاک کردیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق گزشتہ روز نیو ایم اے جناح روڈ پر واقع پردہ پارک کے باہر مبینہ پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکوکی جانب سے ہتھیار ڈالنے اور ہاتھ جوڑنے کے باوجود پولیس اہلکار نے اسے گولیاں ماریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے جمشید روڈ پر واقع پردہ پارک کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ملزم کی ہلاکت اور اسکے دو ساتھیوں کو گرفتار کرنے کادعویٰ کیا تھا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، دو موٹر سائیکلیں اور نقدی رقم برآمد کی گئی تھی، ہلاک ملزم کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کرکے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔

ہلاک ملزم کی شناخت منیر جبکہ گرفتار ملزمان کی شناخت مظفر چانڈیو اور نادر علی کے ناموں سے ہوئی تھی، پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزمان عادی جرائم پیشہ اور موٹر سائیکل چھینے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

واضح رہے کہ کراچی میں موبائل فون اور گاڑیاں چھیننے کے واقعات معمول کی بات ہے، چند ماہ قبل سٹی پولیس لائژن کمیٹی نے رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق رواں سال 2024 کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 10 ہزار 304 موبائل فون چھینے گئے، جنوری میں 2 ہزار 35، فروری میں ایک ہزار 989، مارچ میں ایک ہزار 808 اور اپریل میں ایک ہزار 368 موبائل فون چھینے گئے۔

سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق 6 ماہ کے دوران گن پوائنٹ پر کل 135 گاڑیاں چھینی گئی تھیں۔

رواں سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران گن پوائنٹ پر کل 4 ہزار 639 موٹر سائیکلیں چھینی گئی تھیں، جنوری میں 867، فروری میں 916، مارچ میں 968، اپریل میں 612، مئی میں 711 اور جون میں 569 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں۔