بھارتی اسپنر روی چندر ایشون کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
بھارت کے نامور اسپنر روی چندر ایشون نے آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کے تیسرے میچ کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرکٹ انفو کی رپورٹ کے مطابق ایشون نے بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کے ابتدائی 3 میچوں میں صرف ایک میں حصہ لیا، ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں اسپنر کو صرف ایک ہی کامیابی مل سکی۔
یاد رہے آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 5 ٹیسٹ میچ پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بھارت اور دوسرے میں آسٹریلیا کو کامیابی ملی تاہم تیسرا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔
برسبین میں میچ کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ایشون نے کہا کہ آج بطور بھارتی کھلاڑی تمام فارمیٹ میں آخری دن ہے، میں سمجھتا ہوں کہ مجھ میں اب بھی کرکٹ باقی ہے لیکن وہ میں کلب یا فرنچائز لیول پر کھیلتا رہوں گا، انٹرنیشنل کرکٹ سے میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔
بھارتی اسپنر نے کہا کہ میں نے اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کو بہت انجوائے کیا اور روہت شرما سمیت دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ بہت یادگار لمحات بنائے، تاہم یہ لمحہ بہت جذباتی ہے جب میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہورہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ویسے تو بہت سے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا بنتا ہے لیکن میں خاص طور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور میرے ساتھی کھلاڑیوں اور کوچز کا بے حد مشکور ہوں، جن میں خاص طور پر ویرات کوہلی، اجینکا رہانے، چتوشر بچارا کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی وجہ سے مجھے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیابی ملی۔
یاد رہے کہ ایشون نے 106 ٹیسٹ میچز میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 537 وکٹیں حاصل کیں جب کہ 116 ون ڈے انٹرنیشنل میں 156 اور 65 ٹی 20 انٹرنیشنل میں 72 وکٹیں حاصل کیں۔