’میرے ہم سفر‘ کی شوٹنگ کے دوران نامناسب رویہ اختیار کیا گیا، عثمان جاوید
ابھرتے ہوئے اداکار عثمان جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ متعدد ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران ان سے غلط بیانی کرکے چند سیکنڈز کے کردار کرائے گئے جب کہ مقبول ڈرامے ’میرے ہم سفر‘ کی شوٹنگ کے دوران ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا گیا۔
عثمان جاوید نے حال ہی میں ’فوچیا میگزین‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کی پیدائش صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں متوسط خاندان میں ہوئی اور ان کے خاندان کا کوئی بھی فرد شوبز انڈسٹری میں نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ گھر کے سب سے بڑے بیٹے ہیں، ان کے گھر والے ان کے اداکار بننے پر فخر کرتے ہیں۔
عثمان جاوید نے شوبز میں نئے فنکاروں کے ساتھ ہونے والے نامناسب رویے اور ناروا سلوک پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ نئے لوگوں کے ساتھ غلط بیانی کرکے ان سے چند سیکنڈز کے مناظر شوٹ کروائے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ بھی غلط بیانی کرکے ’یقین کا سفر‘ میں ان سے چند سیکنڈز کا منظر شوٹ کروایا گیا لیکن بعد میں چند سیکنڈز کے منظر کو بھی ڈرامے سے نکال دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شوبز میں نئے لوگوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی، انہیں ’ٹیلنٹ‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے، جس کا مطلب ہوتا ہے کہ وہ فالتو اور ایکسٹرا اداکار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں انہوں نے متعدد ڈراموں میں ’ٹیلنٹ‘ یعنی ایکسٹرا اداکار کے طور پر کام کیا، ان کے کردار چند سیکنڈز پر مشتمل ہوتے تھے، بعض ڈراموں میں چند سیکنڈز میں ان کا ایک بھی ڈائلاگ نہیں ہوتا تھا۔
عثمان جاوید کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں ’ٹیلنٹ‘ کے نام سے نئے اداکاروں کے ساتھ غلط رویہ اختیار کیا جاتا ہے، ان سے غلط بیانی کرکے انہیں صرف چند سیکنڈز کی جھلک میں دکھایا جاتا ہے اور ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔
انہوں نے اپنے ساتھ نامناسب رویے پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے ساتھ 2021 کے ہانیہ عامر اور فرحان سعید کے مقبول ڈرامے ’میرے ہم سفر‘ کی شوٹنگ کے دوران ناروا سلوک کیا گیا۔
عثمان جاوید کا کہنا تھا کہ ڈرامے کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے انہیں فون کرکے بلایا اور غلط بیانی کی ان کا کردار بڑا ہے لیکن جب وہ شوٹنگ سیٹ پر پہنچےتو انہیں فرحان سعید اور ہانیہ عامر کی شادی کے لیے شوٹ کیے جانے والے ایک منظر میں چند سیکنڈز کے لیے دکھایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ نہ صرف انہیں چند سیکنڈز کے منظر کے لیے بلایا گیا بلکہ شوٹنگ کے دوران ان کا بیگ سیٹ سے اٹھاکر باہر پھینک دیا گیا، کیوں کہ وہ ’ٹیلنٹ‘ یعنی ایکسٹرا اداکار تھے، اس لیے انہیں اہمیت نہیں دی گئی، ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا گیا، جس پر انہیں افسوس ہوا اور غصہ بھی آیا۔
عثمان جاوید کا کہنا تھا کہ بعد ازاں ایک ماہ بعد دوبارہ مذکورہ ڈرامے کے ایسے ہی مختصر منظر کے لیے انہیں کال کی گئی لیکن انہوں نے آنے سے معذرت کی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں نئے لوگوں کے ساتھ نامناسب رویہ معمول کی بات ہے، نئے اداکاروں کو کوئی اہمیت نہیں دی جاتی۔