لاہور: 7 سالہ بچی سے زیادتی کا ملزم پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار
ملزمان شراب پی کر لوگوں کو تنگ کررہے تھے،شکایت پر پولیس پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کردی، ملزم علی حسنین اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا، 2 ملزم فرار ہوگئے، ترجمان
لاہور کے علاقے نشتر کالونی پولیس نے مقابلے کے بعد 7 سالہ بچی سے زیادتی کے ملزم کو گرفتارکرلیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کو 3 ملزمان کے متعلق شراب پی کر لوگوں کو تنگ کرنے کی کال موصول ہوئی، جس پر نشتر کالونی میں پٹرولنگ کرنے والی ٹیم فوری طور پر جائے واردات گلوکوٹ قبرستان پہنچی تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔
ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا جسے گرفتار کرکے جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہوگئے۔
ترجمان نے بتایا کہ زخمی ملزم علی حسنین 7 سالہ بچی سے زیادتی کے مقدمے میں مطلوب تھا ،گرفتار ملزم سے 30 بور پستول اور 3 بوتل شراب برآمد ہوئی، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکےدیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔