کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا، مشاورت کیلئے وقفہ کیا گیا، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے واضح کیا ہے کہ کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا، مزید مشاورت کے لیے ایک دن کا وقت مانگا ہے، جرگہ ٹوٹنے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، ایسی خبریں پھیلانا امن دشمنوں کی کارستانی ہوسکتی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق مشیر خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا، مزید مشاورت کے لیے ایک دن کا وقت مانگا ہے، امن کو یقینی بنانے کیلئے سوشل میڈیا پرغیرضروری پروپیگنڈہ سے اجتناب کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ ایک دن کا وقفہ اسلحہ جمع کرنےکےحوالے سےمشاورت کے لیے کیا گیا تھا، کابینہ کے فیصلے کےمطابق اسلحہ جمع کرانا اوربنکرزکاخاتمہ ناگزیرہے، حکومت علاقے میں مستقل امن چاہتی ہے، جس کے لیے بنکرز کا خاتمہ اور علاقے کو اسلحہ سے پاک کرانا لازمی ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ حکومت کو روڈ کی بندش کے باعث علاقے میں عوامی مسائل کا بخوبی ادراک ہے، وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر میں ضروری ادویات علاقے میں پہنچائی جا رہی ہیں، زخمیوں کو بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور پہنچایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نےمحکمہ خوراک کو 2 ہزارمیٹرک ٹن گندم پہنچانے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ کرم کا مسئلہ 120 سال پرانا ہے،اسکےمستقل خاتمےمیں وقت لگ سکتا ہے، وزیراعلیٰ کی کوششوں سےمسئلےکےحل کےلیےسنجیدہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،امید ہےچند دنوں میں مسئلہ ختم ہو جائےگا،علاقے میں مستقل امن قائم ہو جائے گا۔