پاکستان

حکومتی دعوے دھرے رہ گئے، ملک بھر میں چینی 10 روپے کلو مہنگی ہوگئی

کراچی کے شہری سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور، شہر قائد میں چینی کی فی کلو قیمت 145 روپے تک جاپہنچی

چینی کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کے وفاقی حکومت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، وفاقی ادارہ شماریات نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دو ہفتے کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق حکومتی اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں جہاں چینی کی فی کلو قیمت 145 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان بیورو آف شماریات کی دستاویز کے مطابق چینی کی قیمت میں اضافے سے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ملتان، پشاور اور خضدار میں چینی کی فی کلو قیمت ایک سو چالیس روپے ہوگئی ہے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور بنوں میں چینی 135 روپے، حیدرآباد، سرگودھا، بہاولپور، لاڑکانہ اور کوئٹہ میں 130 روپے جبکہ سکھر میں 128 روپے کلو ہوگئی ہے۔