پاکستان

کراچی: گلستان جوہر میں فائرنگ سے 18 سالہ لڑکی جاں بحق، کمسن بچی زخمی

مقتولہ اور زخمی بچی آپس میں خالہ اور بھانجی ہیں، اہلخانہ کے بار بار بیان بدلنے سے معاملہ مشکوک ہوگیا، پولیس نے تحققیات شروع کردیں

کراچی کے علاقے گلستان جوہر حسین ہزارہ گوٹھ میں گھر میں فائرنگ سے 18 سالہ لڑکی جاں بحق اور کمسن بچی زخمی ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی لڑکی کی لاش اور زخمی بچی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ پولیس نے معاملے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ مقتولہ اور زخمی بچی آپس میں خالہ اور بھانجی ہیں، مقتولہ کی بہن ایبٹ آباد سے اپنی فیملی سے ملنے آئی ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق اہلخانہ مسلسل بیانات بدل رہے ہیں، پہلے کہا کہ گھر میں فائرنگ ہوئی پھر بعد میں بیان دیا کہ گلی میں فائرنگ ہوئی ہے۔

دوسری جانب، گلستان جوہر کے بلاک 9 میں شادی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت 20 سالہ عابد کے نام سے ہوئی، مقتول لاش جناح ہسپتال منتقل کردی گئی ہےجب کہ ابتدائی معلومات کے مطابق شادی کی تقریب میں جھگڑے کے دوران فائرنگ ہوئی تھی۔

ادھر، کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے شہری کو زخمی کردیا۔

ناگن چورنگی میں شہری کمیونی کیشن کی دکان بند کرکے واپس گھر لوٹ رہا تھا، موٹر سائیکل پرسوار 3 ملزمان نے لوٹنے کی کوشش کی، شہری کے مزاحمت کرنے پر پاؤں پر گولی مار کر زخمی کردیا۔