لائف اسٹائل

پاکستان اور ترکیہ کا مشترکہ پروڈکشن، نشریات اور ڈرامے دکھانے پر اتفاق

دونوں ممالک کے درمیان پاکستان کی وزارت اطلاعات اور ترکیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز میں ورکنگ گروپ کی تشکیل اور فوکل پرسن نامزد کرنے پر بھی اتفاق ہوگیا۔

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ ڈراما پروڈکشن سمیت دونوں ممالک کے سرکاری ٹی وی چینلز کی مشترکہ نشریات چلانے اور ڈراموں کو دکھانے پر اتفاق ہوگیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ اور ترکیہ کے صدارتی ہیڈ آف کمیونیکیشنز پروفیسر فحرتین التون کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں میڈیا کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے، عوامی سفارت کاری کو فروغ دینے، اسلاموفوبیا اور مس انفارمیشن کے خاتمے، میڈیا وفود کے تبادلوں اور مشترکہ پروڈکشنز کی تیاری سمیت دیگر معاملات پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) اور ترکیہ کے سرکاری ٹی وی ’ٹی آر ٹی‘ کی مشترکہ نشریات سمیت ترکیہ کے مقبول ڈرامے پاکستان میں دکھانے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان پاکستان کی وزارت اطلاعات اور ترکیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے درمیان ورکنگ گروپ کی تشکیل اور دونوں اطراف سے فوکل پرسن نامزد کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ پروڈکشنز کی تیاری سے دونوں ممالک کی ثقافتوں کا آپس میں تبادلہ ہوگا۔

ترکیہ کے صدارتی ہیڈ آف کمیونی کیشنز فحرتین التون کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں میں میڈیا تعاون سے اسلامو فوبیا اور مس انفارمیشن کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ترک میڈیا پر کشمیر کے حوالے سے کوریج پر پروفیسر فحرتین التون کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ پاکستان کے مقبول ڈرامے بھی ترکیہ کے سرکاری ٹی وی چینل پر دکھائے جائیں گے یا نہیں، تاہم امکان ہے کہ پاکستانی ڈراموں کو بھی وہاں دکھایا جائے گا۔

ماضی میں پی ٹی وی پر ارطغرل غازی سمیت دیگر مقبول ڈراموں کو دکھایا جا چکا ہے جب کہ پاکستانی ڈرامے میں ترکیہ کے ٹی وی چینلز پر دکھائے جاتے رہے ہیں۔

پاکستان کے متعدد نجی ٹی وی چینلز پر بھی ترکیہ کے ڈراموں کو کئی سال سے دکھایا جا رہا ہے۔

پاکستان کی وجہ سے عالمی شہرت ملی، ارطغرل غازی کے اداکار کا اعتراف

پاکستانی ڈرامے بھی ترکی جانے چاہئیں، فیصل قریشی، اعجاز اسلم

انتظار ختم، تاریخی ڈراما ’صلاح الدین ایوبی‘ پاکستان میں ریلیز