پاکستان

اقوام متحدہ پاکستان، موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کیلئے ڈان میڈیا کا پارٹنر بن گیا

پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر نے پاکستان اور جنوبی ایشیا میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو نمایاں کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کانفرنس کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ڈان میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر نے دو روزہ ’بریتھ پاکستان‘ موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کے لیے بطور پرنسپل پارٹنر شامل ہونے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 6 اور 7 فروری 2025 کو اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنس کے تفصیلی ایجنڈے کا اعلان اس ماہ کے آخر میں متوقع ہے۔

کانفرنس کے پس پردہ وژن کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر نے پاکستان اور جنوبی ایشیا میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو نمایاں کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کانفرنس کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اقوام متحدہ دنیا بھر سے معروف موسمیاتی تبدیلی کے ماہرین، اور سینئر حکام کو بطور مقرر فراہم کرکے ڈان میڈیا کے موسمیاتی اقدام کی حمایت کرے گا۔

پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اور ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے ڈان کی سینئر انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں زور دیا کہ یہ اقدام ’پاکستان پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے ساتھ ساتھ اس کی حکومت، شہریوں اور اس کے عزم کو اجاگر کرے گا جبکہ نجی شعبے کو ماحولیاتی کارروائی کے لیے متحرک کرے گا۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’یہ دنیا کو یہ یاد دلانے کا بھی ایک بہترین موقع ہوگا کہ پاکستان سمیت جنوبی ایشیا، گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ تعاون موسمیاتی تبدیلی سے درپیش اہم چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار مستقبل کے لیے قابل عمل حل کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ عزم پر زور دیتا ہے۔‘

اپنے اعلان میں ڈان کی چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) نازآفرین سیگل لاکھانی نے کہا کہ ’ڈان میں ہم اتحاد کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں - ایک اجتماعی مقصد کے لیے اکٹھے ہونا، چاہے یہ معمولی طریقوں سے کیوں نہ ہو۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری مہم ترقی، تجدید، اور ہر پاکستانی کے لیے فخر اور ملکیت کے ساتھ اپنے ماحول کو دوبارہ بہتر بنانے کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ صرف کارروائی کے بارے میں نہیں ہے، یہ وسیع تر پالیسی میں تبدیلی لانے اور بہتر موسمیاتی مستقبل کی بنیادیں قائم کرنے کے بارے میں ہے۔‘

ورلڈ رسک انڈیکس 2024 کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کو ان 15 ممالک میں شامل کیا گیا ہے جہاں سب سے زیادہ آفات کا خطرہ ہے۔

حکومتی اندازوں کے مطابق، 2022 کے غیر معمولی سیلاب نے ایک ہزار 700 افراد کی جانیں لے لیں اور ملک میں 3 کروڑ 30 لاکھ افراد کو متاثر کیا، جو موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کا ثبوت ہے۔