کھیل

ریزا ہینڈرکس کی شاندار سنچری، جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹی 20 میں پاکستان کو شکست دے دی

مین آف دی میچ قرار پانے والے اوپنر بلے باز ریزا ہینڈرکس نے 54 گیندوں پر سنچری مکمل کی، میزبان ٹیم کو سیریز میں 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔

اوپنر بلے باز ریزا ہینڈرکس کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میچ میں شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2 صفر کی فیصلہ کن حاصل کرلی۔

جنوبی افریقہ کے شہر سنچورین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان آغاز متاثر کن نہیں تھا جب کہ اوپنر محمد رضوان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد عثمان خان3،طیب طاہر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تاہم وکٹ کی دوسری طرف سے صائم ایوب ڈٹے رہے اور انہوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، وہ صرف 2 رنز کی کمی سے سنچری اسکور نہ کرسکے اور 98 بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

بابراعظم 31 اور عرفان خان30 اور محمد عباس آفریدی 11رنز بنائے کر پویلین لوٹے۔

اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے اور میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ابتدائی 2 وکٹیں 28 رنز پر گریں جب کہ دونوں پروٹیز کھلاڑیوں کو جہانداد خان نے آؤٹ کیا لیکن اس کے بعد ریزا ہینڈرکس اور مڈل آرڈر بلے باز ریسی وین ڈر ڈوسن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے لیے ہدف آسان بنادیا۔

مین آف دی میچ قرار پانے والے اوپنر ریزا ہینڈرکس نے 54 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، وہ 10 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ریسی وین ڈر ڈوسن نے نصف سنچری اسکور کی اور جنوبی افریقہ نے 207 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 3 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی میزبان ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

پاکستانی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔۔ سفیان مقیم کی جگہ جہانداد خان آج کا میچ کھیل رہے ہیں۔

پاکستانی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، سفیان مقیم کی جگہ جہانداد خان آج کا میچ کھیل رہے ہیں۔

محمد رضوان کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ ان کے علاوہ ٹیم میں صائم ایوب، بابراعظم، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

اسی طرح حارث رؤف، جہانداد خان اور ابرار احمد کو بھی پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقہ کے دورے میں 3 ٹی20، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

تیسرا ٹی 20 میچ 14 دسمبر، پہلا ون ڈے 17 دسمبر کو پارل میں ہوگا جب کہ ٹیسٹ میچز بالترتیب 26 دسمبر اور 3 جنوری کو سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں شروع ہوں گے۔