پاکستان

4 روز سے جاری اضافے کو بریک لگ گیا، آج سونے کی قیمت میں یکدم بڑی کمی ہوگئی

عالمی مارکیٹ میں بھی فی اونس سونے کی قیمت 50 روپے کمی کے بعد 2 ہزار 666 ڈالر پر آگئی۔

ملک بھر میں مسلسل 4 روز سے سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ رک گیا اور آج فی تولہ نرخوں میں 5 ہزار روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 5 ہزار روپے سستا ہو کر 2 لاکھ 77 ہزار 800 روپے میں فروخت ہوا، اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 286 روپے تنزلی سے 2 لاکھ 38 ہزار 169 روپے پر آ گئی ہے۔

اسی طرح 22 قیراط 10 گرام سونا 3 ہزار 929 روپے تنزلی کے بعد 2 لاکھ 18 ہزار 321 روپے میں فروخت ہوا۔

ادھر، ملک بھر میں چاندی کی فی تولہ اور 10 گرام قیمت بھی بالترتیب 50 روپے اور 43 روپے تنزلی سے 3 ہزار 400 روپے اور 2 ہزار 915 روپے پر آ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں بھی فی اونس سونے کی قیمت 50 روپے کمی کے بعد 2 ہزار 666 ڈالر پر آگئی ہے۔

واضح رہے کہ 9 دسمبر بروز پیر کو فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار روپے کا بڑا اضافہ ہوا تھا، اسی طرح 10 دسمبر کو سونا ایک ہزار روپے مہنگا ہوا تھا جبکہ 11 دسمبر کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 100 روپے کے بڑے اضافے کے بعد 2 لاکھ 80 ہزار 500 روپے تا جا پہنچی تھی۔

اسی طرح گزشتہ روز 24 قیراط فی تولہ سونا 2 ہزار 300 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 82 ہزار 800 روپے میں فروخت ہوا تھا اور رواں ہفتے کے ابتدائی 4 روز میں سونے کی قیمت میں 8 ہزار 400 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔