کھیل

پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کیلئے غیرملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن شروع

کھلاڑیوں کی کیٹیگری کی تجدید کا اعلان منگل 17 دسمبر کو، کیٹیگری میں تنزلی، اسے برقرار رکھنے کا عمل رواں ماہ جبکہ پلیئرز کا ڈرافٹ 11 جنوری 2025 کو ہونا ہے۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن ونڈو کے ساتھ ساتھ ٹریڈ ونڈو کھول دی گئی، کھلاڑیوں کی کیٹیگری کی تجدید کا اعلان منگل 17 دسمبر کو کیا جائے گا جب کہ کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں تنزلی اور برقرار رکھنے کا عمل رواں ماہ کے دوران کیا جائے گا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ایس ایل پلیئرز کا ڈرافٹ 11 جنوری 2025 کو ہونا ہے، ڈرافٹ کے مقام اور وقت کا اعلان مقررہ وقت پر کیا جائےگا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفسر (سی ای او) سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ہم غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹریڈ ونڈو کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کی تیاریوں کا ایک دلچسپ آغاز ہے، ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک ایسا برانڈ ہے جس پر ہم سب کو فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2016 میں اپنے قیام کے بعد سے اپنے فرنچائز مالکان، تجارتی شراکت داروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ہم نے ایک طویل اور کامیاب سفر کا آغاز کیا ہے۔

سلمان نصیر نے کہا کہ کھیلی جانے والی کرکٹ کا معیار اور مسابقت کسی سے پیچھے نہیں ہے اور ہم اپنے شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

چیف ایگزیکٹو افسر پی ایس ایل نے کہا کہ تاریخی 10 واں سیزن سب کے لیے مزید جوش و خروش لانے کا وعدہ کرتا ہے اور ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹیم شائقین کو بے مثال تجربات فراہم کرنے کے لیے انتھک محنت کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

بیان کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن ونڈو کے ساتھ ساتھ ٹریڈ ونڈو کھول دی گئی ہے، کھلاڑیوں کی کیٹیگری کی تجدید کا اعلان منگل 17 دسمبر کو کیا جائے گا جب کہ کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں تنزلی اور برقرار رکھنے کا عمل رواں ماہ کے دوران کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2016 سے اسلام آباد یونائیٹڈ تین بار چیمپئن بن چکی ہے، جس میں لیگ کا افتتاحی ایڈیشن (2016) تیسرا (2018) اور آخری ایڈیشن (2024) شامل ہے۔

اس کے علاوہ لاہور قلندرز 2022 اور 2023 میں دو بار جیت چکی ہے، پشاور زلمی 2017 کے ایڈیشن کی چیمپئن رہی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2019 کا ایڈیشن جیتا جب کہ کراچی کنگز نے 2020 میں پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا، 2021 میں ملتان سلطانز فاتح بن کر ابھری۔