پاکستان

اے این ایف نے 700 کلو آئس ملائیشیا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

کراچی کی نجی کمپنی نے کوالالمپور کیلئے کنٹینر بک کرایا تھا، ملزم کراچی کا رہائشی ہے جسے موقع سے گرفتار کرلیا گیا۔

انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے 700 کلو گرام میتھامفیٹامائن (آئس) ملائیشیا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں اے این ایف نے ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر آئس اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنادی اور ملائيشيا کے لیے بُک کیے گئے کنٹینر سے 700 کلو گرام آئس برآمد کرلی گئی۔

ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ فورس کے اہلکاروں نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کراچی میں ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر ملائیشیا کے لیے بُک کیے گئے شپنگ کنٹینر پر چھاپہ مارا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ آئس کیلشیم کاربونیٹ کے ساتھ مکس کر کے اسمگل کی جا رہی تھی، کنٹینر میں موجود کیلشیم کاربونیٹ کے 854 بیگوں کی تلاشی لی گئی، اس دوران 28 بیگوں میں موجود کیلشیم کاربونیٹ میں آئس کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی۔

یہ کنٹینر کوالالمپور کے لیے کراچی کی ایک نجی کمپنی نے بُک کرایا تھا، ملزم کراچی کا رہائشی ہے جس کا نام نہیں بتایا گیا ہے اور اسے موقع سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ اسمگلنگ کی کوشش میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔