پاکستان

شام میں پھنسے بیروت پہنچنے والے پاکستانیوں کو چارٹر پرواز کے ذریعے وطن لانے کا فیصلہ

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ایئرپورٹ پر آنے والے پاکستانیوں کا استقبال کریں گے، انخلا سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت شام میں محصور پاکستانیوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بیروت پہنچنے والے شہریوں کو چارٹرپرواز کے ذریعے وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق اجلاس کو شام سے پاکستانیوں کے انخلا میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی، شام سے لبنان کے شہر بیروت پہنچنے والے پاکستانی 12 اور 13 دسمبر 2024 کی درمیانی شب چارٹرڈ پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو ایئرپورٹ پر شام سے آنے والے پاکستانیوں کے استقبال کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

واضح رہے کہ شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کا عمل شروع ہو گیا ہے اور اب تک 350 سے زائد پاکستانی بحفاظت لبنان کی سرحد تک پہنچ چکے ہیں۔

اے پی پی نے دفتر خارجہ کی پریس ریلیز کے حوالے سے بتایا کہ دمشق میں پاکستانی سفارتخانے نے انخلا کے عمل میں کردار ادا کیا۔

گزشتہ روز شام میں موجود 250 پاکستانی زائرین میں سے 79 بیروت پہنچے جہاں سے ان کو پاکستان واپس لایا جائے گا،وزیر اعظم شہباز شریف نے شام میں محصور تقریباً 500 سے 600 کے درمیان پاکستانیوں کے انخلا کے لیے لبنان کے وزیر اعظم نجیب میکاتی سے رابطہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق میں باغیوں کے قبضے کے نتیجے میں معزول صدر بشارالاسد کے طویل مدتی اقتدار کا خاتمہ ہوگیا تھا جس کے بعد محمد البشیر کو شام میں عبوری حکومت کے وزیراعظم کے طور نامزد کیا گیا تھا۔