اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انڈیکس 1913 پوائنٹس بڑھ گیا
پاکستان اسٹاک ایکسیچنج میں آج بھی ریکارڈ تیزی کا سلسلہ جاری رہا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 913 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 10 ہزار 810 تک جا پہنچا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 913 یا 1.76 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 10 ہزار 810 پوائنٹس تک جاپہنچا، جو گزشتہ روز ایک لاکھ 8 ہزار 897 پر بند ہوا تھا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے نوٹ کیا کہ نفع کمانے کے ایک روز بعد مقامی میوچل فنڈز نے نان اسٹاپ خریداری جاری رکھی، جس کے نتیجے میں تیزی کا رجحان رہا۔
چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف محمد فاروق کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز معمولی کریکشن کے بعد آج مارکیٹ میں دوبارہ مثبت رجحان دیکھا گیا، جبکہ رپورٹس ہیں کہ میوچل فنڈز نے اسٹاکس میں ایک کروڑ ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کی ہے۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار پُرامید ہیں کہ اگلے زری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں شرح سود میں کمی کا اعلان کیا جائے گا جبکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اجلاس سے بھی اچھی خبر آنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہفتے سے جاری مسلسل تیزی کا تسلسل رک گیا تھا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار پوائنٹس کھو بیٹھا تھا۔
اس سے ایک روز قبل (9 دسمبر) کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل 9 ویں روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا تھا اور 100 انڈیکس ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 10 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا تھا۔