پاکستان

ایڈز پھیلنے کا معاملہ: نشتر ہسپتال ملتان کے ڈاکٹرز کی معطلی کےخلاف جمعہ کو ہڑتال کا اعلان

ہفتے کو ملتان میں ڈاکٹر کنونشن ہوگا جس میں پنجاب بھر کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، سینئر عہدیدار پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج کی نیوز کانفرنس

ملتان کے نشتر ہسپتال میں گردے کے مریضوں میں ایچ آئی وی، ایڈز پھیلنے کے معاملے پر ڈاکٹرز کی معطی کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے 13 دسمبر (جمعہ) کو آؤٹ پیشنٹس ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی) میں مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پی ایم اے کے سینئر عہدیدار ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج نے ملتان میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایچ آئی وی، ایڈز ڈائیلاسز کی مشینوں سے نہیں پھیلتا، ہفتے کے روز ملتان میں ڈاکٹرز کنونشن ہوگا، اس کنونشن میں پنجاب بھر کے لیے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں دوائیں نہیں ملتیں، دیگر سہولیات موجود نہیں، حکومت تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرے۔

واضح رہے کہ 16 نومبر کو جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے سرکاری نشتر ہسپتال میں ایچ آئی وی کے شکار مریض کے علاج کے بعد دیگر 30 مریضوں کے بھی ایچ آئی وی میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

نشتر ہسپتال میں ایچ آئی وی کے شکار شخص کی موت کے بعد جب تحقیق کی گئی تو معلوم ہوا کہ مرنے والے مریض کا جس ڈائیلاسز مشین پر علاج کیا گیا تھا، وہاں دوسرے افراد کا ڈائیلاسز بھی کیا گیا، جس سے دوسرے مریض بھی ایچ آئی وی کا شکار ہوگئے۔

19 نومبر کو نشتر ہسپتال ملتان میں گردے کے درجنوں مریضوں میں ایڈز کے پھیلاؤ کی تحقیقات کرنے والی ٹیم نے ڈاکٹرز اور دیگر عملے پر سنگین غفلت و لاپروائی برتنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

پنجاب حکومت کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ہسپتال کے شعبہ امراض گردہ (نیفرولوجی) میں ایڈز پھیلنے کی تصدیق کی تھی۔

پی ایم اے کے سینئر عہدیدار ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج نے کہا کہ ایک نہیں ہزار مقدمات درج کروا دیں لیکن اپنی کمیونٹی کے لیےکھڑے ہیں، اس کیس میں کیپٹن آف دی شب جیسی پالیسی اپنائی جائے تو اوپر تک سب استعفیٰ دے دیں۔

ڈاکٹر وقار نیازی نے کہا کہ نشتر ہسپتال میں 29 ڈائیلاسز مشینیں موجود ہیں، سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نئی ڈائیلاسز مشینیں دینے کا وعدہ کیا تھا، نشتر ہسپتال کی ڈائیلاسز مشینیں اپنی مدت مکمل کرچکی ہیں۔