پاکستان

راولپنڈی میں 24 دسمبر تک آوارہ کتوں کو نہ مارنے کا حکم

انتظامیہ نے 5 ہزار 200 کتوں کی ویکسی نیشن نہیں بلکہ ان کو مارنے کے لیے ایک کروڑ 4 لاکھ روپے کا ٹینڈر جاری کیا ہے، درخواست گزار کا دعویٰ
|

آوارہ کتوں کو مارنے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے شہری انتظامیہ کو 24 دسمبر تک آوارہ کتوں کو مارنے سے روکنے کا حکم جاری کردیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ کے جسٹس جواد حسن نے آوارہ کتوں کو مارنے کے خلاف التمش سعید کے توسط سے انیلہ عمر کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے راولپنڈی کی انتظامیہ کو 24 دسمبر تک آوارہ کتوں کو مارنے سے روکنے کا حکم جاری کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی قانونی نکات پر معاونت کے لیے نوٹس جاری کردیے، درخواست میں حکومت پنجاب، لائیواسٹاک، کمشنر، ڈی سی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ انتظامیہ نے کتا مار مہم کے لیے ٹینڈر جاری کیا، 5 ہزار 200 کتوں ویکسی نیشن کے لیے ایک کروڑ 4 لاکھ روپے کا ٹینڈر جاری کیا، یہ ٹینڈر ان کی ویکسی نیشن کے لیے نہیں بلکہ کتوں کو مارنے کے لیے جاری کیا گیا۔