سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ پر نہ پڑھے جانے والے میسیجز کے نوٹیفکیشن بھیجنے کے فیچر کی آزمائش

واٹس ایپ پر نہ پڑھے جانے والے میسیجز کو ہائی لائیٹ کرنے سمیت ان کا نوٹیفکیشن صارف کو بھیجنے کے فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی۔

انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر ایک انتہائی مفید اور دلچسپ فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی، جس کے تحت صارفین کو وہ پیغامات پڑھنے میں بھی مدد مل سکے گی، جنہیں انہوں نے نہ دیکھا ہوگا۔

واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ پر نہ پڑھے جانے والے میسیجز کو ہائی لائیٹ کرنے سمیت ان کا نوٹیفکیشن صارف کو بھیجنے کے فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی۔

مذکورہ فیچر کے تحت واٹس ایپ کا الگورتھم صارف کو نوٹیفکیشن بھیج کر خبردار کرے گا کہ اس نے فلاں نمبر سے آنے والے میسیج کو نہیں دیکھا اور نہ ہی پڑھا ہے۔

فیچر کے تحت از خود نہ پڑھے جانے والے میسیجز ہائی لائیٹ بھی ہوجائیں گے، تاہم اس باوجود اگر صارف کسی میسیج کو خاص وقت تک نہیں دیکھتا تو سسٹم اسے نوٹیفکیشن بھیج کر آگاہ کرے گا۔

مذکورہ فیچر فیس بک یا انسٹاگرام میں پوسٹ پر کمنٹس کے بعد موصول ہونے والے نوٹیفکیشن کی طرح کام کرے گا اور صارف کو واٹس ایپ پر نوٹیفکیشن ملے گا کہ اس نے فلاں میسیج نہیں پڑھا۔

مذکورہ فیچر کے تحت واٹس ایپ کا الگورتھم ایسی چیٹس کے نہ پڑھے جانے والے میسیجز سے متعلق خصوصی طور پر جلد نوٹیفکیشن بھیجے گا، جن چیٹس پر صارف زیادہ میسیجز کرتے ہوں گے۔

اس سے قبل واٹس ایپ پر اسٹیٹس اپڈیٹ کے نوٹیفکیشن بھیجنے کی آزمائش بھی شروع کی گئی تھی۔

دونوں فیچر کی آزمائش محدود اینڈرائیڈ صارفین پر کی جا رہی ہے، دوسرے مرحلے میں ان کی آزمائش کو بڑھا دیا جائے گا، جس کے بعد انہیں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں فیچرز کو آئندہ برس کے آغاز میں متعارف کرادیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

واٹس ایپ پر اسٹیٹس اپڈیٹ نوٹیفکیشن بھیجنے کی آزمائش

واٹس ایپ پر وائس میسیج کو تحریر میں تبدیل کرنے کے فیچر کی آزمائش

واٹس ایپ میں وائس نوٹ کو تحریر میں شامل کرنے کا فیچر پیش