لائف اسٹائل

فلم ساز ناصر ادیب کے ماضی کی مقبول ہیروئن نیلی سے متعلق حیران کن انکشافات

نیلی نے 1980 کی دہائی سے 2000 کے اختتام درجنوں فلمیں کیں ، میری ہوئی نیلی کی تمام فلمیں سپر ہٹ ثابت ہوئیں، فلم ساز

ماضی کے مقبول فلم لکھاری ناصر بیگ نے ماضی کی مقبول فلمی ہیروئن نیلی سے متعلق کئی حیران کن انکشاف کرکے نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔

ناصر بیگ نے حال ہی میں ’سنو ڈیجیٹل‘ کے پوڈکاسٹ میں ماضی کی فلم انڈسٹری سے متعلق بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اور ہدایت کار یونس ملک نے نیلی کو فلمی دنیا میں متعارف کرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں وہ اور یونس ملک ایک کم بجٹ والی فلم بنانے کے دوران ہیروئن کی تلاش میں تھے کہ انہیں نیلی پسند آگئی اور انہوں نے اسے فلمی دنیا میں متعارف کرایا۔

ان کے مطابق نیلی نے 1980 کی دہائی سے 2000 کے اختتام درجنوں فلمیں کیں لیکن ان کی لکھی ہوئی نیلی کی تمام فلمیں سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ نیلی کا مقابلہ اس وقت کی مقبول ترین اداکاراؤں سے تھا، باقی تمام اداکاراؤں کو کسی نہ کسی کی سپورٹ رہتی تھی لیکن نیلی کو کسی کی سپورٹ نہیں تھی۔

ناصر ادیب کے مطابق نیلی کو پہلی فلم کا معاوضہ صرف 5 ہزار روپے دیا گیا، ترتیب وار ان کی فلموں کا معاوضہ پانچ ہزار روپے بڑھایا گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ سپر اسٹار بن گئیں۔

انہوں نے نیلی کی شخصیت، اداکاری اور خوبصورتی کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ ان میں کسی قسم کا غرور بھی نہیں تھا اور وہ اپنے کام سے کام رکھتی تھیں۔

فلم ساز نے بتایا کہ 1988 میں نیلی کو جاوید شیخ نے اپنی پروڈیوس کردہ فلم ’مشکل‘ میں کاسٹ کیا، تب ہی ان کے درمیان آہستہ آہستہ قربتیں بڑھنے لگیں۔

ان کے مطابق اسی عرصے کے دوران جاوید شیخ کی سلمیٰ آغا سے طلاق ہوئی تھی، جس کے بعد نیلی اور ان کے درمیان قربتیں بڑھیں لیکن جاوید شیخ کی ان سے محبت سچی نہیں تھی۔

ناصر ادیب کا کہنا تھا کہ نیلی ان سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن جاوید شیخ کا نظریہ یہ ہوتا تھا کہ اگر ’دودھ بازار سے مل رہا ہے تو بھینس پالنے کی کیا ضرورت ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ بعد میں نیلی کو جاوید شیخ کی دوسری حرکتوں کی بھی خبر ملی تو انہوں نے ان سے تعلق ختم کرلیا اور دونوں کا بریک اپ ہوگیا۔

فلم ساز کے مطابق جاوید شیخ سے تعلق ختم ہونے کے بعد نیلی سے تعلقات استوار کرنے کے لیے تمام فلم ہدایت کار، پروڈیوسرز و اداکاروں سمیت سرمایہ کار اور اس وقت کے گینگسٹر بھی سامنے آئے اور ہر کسی نے بہت ساری کوششیں کیں لیکن سب کو ناکامی ملی۔

انہوں نے حیران کن دعویٰ کیا کہ پھر نیلی پر ایک گینگسٹر اور بڑے شخص کا دل آگیا، انہوں نے نیلی کو محبت کی پیش کش کی اور ساتھ ہی دھمکی دی کہ دیکھتا ہوں کہ آپ سے شادی کرتا ہے یا محبت کے لیے آگے آتا ہے۔

ناصر ادیب کے مطابق مذکورہ گینگسٹر سے تعلقات کے بعد نیلی اچانک فلمی دنیا سے دور ہوگئیں اور انہوں نے صرف اپنی ادھوری فلموں کی شوٹنگ مکمل کی اور سب کو بتایا کہ وہ فلم انڈسٹری چھوڑ رہی ہیں۔

فلم ساز کا کہنا تھا کہ مذکورہ گینگسٹر کے بعد نیلی منظر عام سے غائب ہوگئیں اور پھر چند سال بعد ایک دوسرا شخص ان کی زندگی میں آیا اور انہوں نے اداکارہ سے شادی کرنے کی خواہش ظاہر کی، جس پر نیلی نے انہیں بتایا کہ اگر وہ ان سے شادی کریں گے تو مارے جائیں گے۔

ناصر ادیب کے مطابق نیلی کے سمجھانے کے باوجود وہ شخص نیلی سے شادی کے لیے بضد رہا اور پھر بلآخر نیلی نے ان سے شادی کرلی اور فلم انڈسٹری کو خیرباد کہ دیا۔

انہوں نے بتایا کہ نیلی نے 2004 میں ہی فلم انڈسٹری کو چھوڑ دیا تھا، ان کی ان سے آخری ملاقات لاہور میں ہوئی تھی، اس کے بعد کسی کو معلوم نہیں کہ نیلی کہاں چلی گئیں؟

ناصر ادیب نے بتایا کہ نیلی نے فلم انڈسٹری چھوڑنے کے بعد 2006 میں ملک بھی چھوڑ دیا تھا، اب کسی کو معلوم نہیں کہ وہ کہاں ہیں؟ کوئی کہتا ہے کہ وہ دبئی میں ہے، کوئی قطر اور دوسرے ممالک کا کہتا ہے لیکن مکمل معلومات کسی کے پاس نہیں۔

ان کے مطابق جہاں تک انہیں معلومات ملی تھی، اس کے تحت نیلی کے دو بچے ہیں اور وہ اپنی گھریلو و ازدواجی زندگی میں بہت خوش ہیں، ان کا فلم انڈسٹری میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں۔

نیلی اور میں شادی کرنا چاہتے تھے، جاوید شیخ کا انکشاف

سلمیٰ آغا کے ساتھ شادی ختم ہوئی تو نیلی نے سہارا دیا تھا، جاوید شیخ

دراز قد، نیلی آنکھوں اور پیسے والے شخص سے شادی کروں گی، حمیمہ ملک