پاکستان

ریلوے کی کھربوں روپے کی زمین پر قبضہ، کوئی کارروائی نہیں کی گئی، قائمہ کمیٹی برہم

محکمہ ریلوے میں کرپشن اور بے ضابطگیوں کی درست معلومات نا دینے پر کمیٹی رکن سینیٹر شہادت اعوان کا ریلوے حکام پر برہمی کا اظہار، معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھیج دیا گیا

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز میں محکمہ ریلوے کی کرپشن اور بےظابطگیوں سے متعلق درست معلومات فراہم نہ کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر شہادت اعوان نے ریلوے حکام پر برہمی کا اظہار کیا، قائمہ کمیٹی نے معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھجوا دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سینیٹر جام سیف اللہ کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

اجلاس میں پی پی پی کے سینیٹر شہادت اعوان نے کرپشن، بے ضابطگیوں سے متعلق مسلسل معلومات فراہم نہ کرنے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہے، ریلوے حکام معلومات دینے سے قاصر ہیں، ریلوے کی 13 ہزار سے زائد ایکڑ زمین پر قبضہ تھا، 1193 ایکڑ زمین واگزار کروالی گئی ،کھربوں کی ریلوے کی زمین پر قبضہ ہے لیکن ریلوے کی جانب سے کوئی کاروائی نہیں کی گئی ہے۔

سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ سابق اور موجودہ حکومت کوئی بھی ریلوے سے مخلص نہیں، اگر ریلوے نے آج معلومات نہ دیں تو اپنے پاس موجود معلومات کو پبلک کردوں گا، چیئرمین کمیٹی جام سیف اللہ نے کہا کہ ریلوے حکام جان بوجھ کر درست ریکارڈ فراہم نہیں کر رہے، شہادت اعوان نے کہا کہ صاف بتا دیں کہ جو کمیٹی نے جو مانگا، کیا وہ درست نہیں ہے؟

پی پی پی کے سینیٹر نے مزید کہا کہ ایک جیسی معلومات آج صفحات بدل کر ریلوے حکام نے ہمیں پھر تھما دی ہیں، سی ای او ریلوے کو نگران دور میں چارج دیا گیا ہے، کوئی بھی اس ادارے کے ساتھ مخلص نہیں ہے، میں تو اپنی آنکھ میں دھول نہیں جھونکنے دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی مشیر یا منسٹر ہوتا تو دیکھتا کہ وزارت کس طریقے سے چل رہی ہے، اعداد و شمار کس نے غلط دیئے تھے؟ قائمہ کمیٹی برائے ریلویز نے محکمہ ریلوے کی جانب سے کرپشن کی معلومات فراہم نا کرنے پر معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھجوا دیا۔