نئی دہلی میں 40 اسکولوں کو ای امیل کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکی
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں 40 اسکولوں کو ای میل کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ای میل میں 30 ہزار ڈالر کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
اس سال بھارت میں اسکولوں، ریلوے اسٹیشنوں اور ہوائی اڈوں کو بم دھماکوں کی سیکڑوں دھمکیاں دی گئی ہیں، جو بعد میں جھوٹی ثابت ہوئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے آغاز سے نومبر کے وسط تک بھارت میں ایئر لائنز اور ہوائی اڈوں کو بم دھماکے کی 999 دھمکیاں موصول ہوئیں اور اسی عرصے کے دوران 12 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
رائٹرز نے بھارتی خبر رساں ادارے ’اے این آئی‘ کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اتوار کی رات دو اسکولوں کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئیں، جن میں کہا گیا تھا کہ عمارتوں کے اندر متعدد بم نصب کیے گئے ہیں اور اگر 30 ہزار ڈالر ادا نہ کیے گئے تو بم دھماکے کر دیے جائیں گے۔
کئی دوسرے اسکولوں کو بھی پیر کی صبح یہ ای میلز موصول ہوئیں، جس کے بعد اسکولوں کی انتظامیہ نے والدین سے کہا کہ وہ طلبہ کو دن بھر کے لیے گھر لے جائیں۔
والدین کو کچھ اسکولوں کے دروازوں سے اپنے بچوں کو لے جاتے ہوئے دیکھا گیا، جب پولیس نے مشکوک اشیا کے لیے اسکول کے احاطے کی جانچ کی۔
دہلی میں پولیس حکام نے فوری طور پر رائٹرز کی جانب سے تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
مئی میں دہلی اور نوئیڈا کے مضافاتی علاقوں میں 50 سے زیادہ اسکولوں کو بم سے متعلق دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی تھیں۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق نومبر کے مہینے میں دہلی ہائی کورٹ نے پولیس حکام کو اسکولوں کو دی جانے والی دھمکیوں کی روک تھام کے حوالے سے ایس او پیز بنانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
نئی دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی وفاقی حکومت اپنی واحد ذمے داری ’عوام کی حفاظت‘ میں بھی ناکام ہوگئی ہے۔
نئی دہلی کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’دہلی میں ہر رو قتل، فائرنگ اور اغوا برائے تاوان کے بعد اب اسکولوں کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکیاں ملنے لگی ہیں، ریاست میں ایسی بے امنی پہلے کبھی نہیں تھی‘۔
سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ امیت شاہ کو عوام کا سامنا کرتے ہوئے اس معاملے کا جواب دینا چاہیے۔