پاکستان

رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، گرفتار کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم

وزیراعظم کے مشیر پر 16اکتوبر 2020 کو پی ڈی ایم کے جلسے کے دوران اہلکاروں پرگاڑی چڑھانے کا الزام ہے۔

گوجرانوالہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ نے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

ڈان نیوز کے مطابق گوجرانوالہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ سدرہ گل نواز نے رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے 12 دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ پر 16 اکتوبر 2020 کو گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جلسے کے دوران کنٹینر ہٹانے اور اہلکاروں پرگاڑی چڑھانے کے الزام میں تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے۔

مقدمے میں خرم دستگیر، عمران خالد اور سلمان خالد بٹ پہلے ہی بری ہو چکے ہیں جب کہ پولیس نے رانا ثناء اللّٰہ سے متعلق مقدمے کا چالان تاخیر سے جمع کرایا تھا، پولیس نے انہیں بے گناہ قرار دیتے ہوئے 173 کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی تھی۔

تاہم، عدالت نے پولیس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کو طلب کیا تھا لیکن مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے وزیراعظم کے مشیر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔