پاکستان

کرم ایجنسی: ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کی فائرنگ، 6 اہلکار شہید

شہید اور زخمی ہونے والے تمام اہلکاروں کو سی ایم ایچ ٹل پہنچا دیا گیا ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

ضلع کرم میں بگن کے قریب ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 6 ایف سی اہلکار شہید 7 زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں لوئر کرم کے علاقے بگن کے قریب 156 ونگ ٹل اسکاؤٹس کے پوسٹ پر نامعلوم دہشت گردوں نے بھاری اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 6 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے جن میں نائب صوبیدار خالد بنگش، حوالدار جدید اورکزئی، لانس نائیک ولایت حسین طوری، لانس نائیک شہید الرحمٰن، سپاہی نظام الدین محسود اور سپاہی صفت اللہ آفریدی شامل ہیں۔

چیک پوسٹ پر حملے میں 7 اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں ثواب گل خٹک، نائیک سعید خان خٹک، نائیک عابد حسین خٹک، لانس نائیک طاہر بنگش، سپاہی عامر سہیل آفریدی، سپاہی طیب الرحمٰن اور سپاہی توحید اللہ مروت شامل ہیں۔

شہید اور زخمی ہونے والے تمام اہلکاروں کو سی ایم ایچ ٹل پہنچا دیا گیا ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ 21 نومبر کو بھی لوئر کرم کے علاقے میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 8 خواتین اور 5 بچوں سمیت تقریبا 41 افراد شہید ہوئے تھے۔

اس واقعے کے بعد دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ کا یہ سلسلہ جاری رہا جب کہ صوبائی دارالحکومت پشاور سے کرم ایجنسی کو ملانے والی ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں، 3 دسمبر کو ضلع کرم میں کئی دن تک جاری مسلح تصادم کے نتیجے میں 100 سے زائد اموات کے بعد سیاسی جرگے کی مداخلت سے علاقے میں مکمل جنگ بندی کے بعد معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے تھے، اس دوران علاقے کے تعلیمی ادارے بھی دوبارہ سے کھلنا شروع ہوگئے تھے اور کاروباری مراکز بھی کھل گئے تھے۔