لائف اسٹائل

سعد قریشی والد کی محبت اور شفقت پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے

’بسمل’ ڈرامے میں ان کی خودکشی اور موت کو دکھانے کے بعد جب خواتین نے مجھے حقیقت میں زندہ دیکھا تو وہ خوش ہوگئیں، اداکار

مقبول ڈرامے ’بسمل‘ میں موسیٰ کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والے سعد قریشی والد کی محبت اور شفقت پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

سعد قریشی نے حال ہی میں ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے کیریئر سمیت ’بسمل‘ پر ملنے والے رد عمل اور والد کی جانب سے اپنی اداکاری کو سراہنے پر بھی بات کی۔

انٹرویو کے دوران سعد قریشی نے انکشاف کیا کہ ’بسمل‘ ڈرامے میں ان کی خودکشی اور موت کو دکھانے کے بعد جب خواتین نے انہیں حقیقت میں زندہ دیکھا تو وہ خوش ہوگئیں۔

انہوں نے بتایا کہ زائد العمر خواتین نے انہیں حقیقت میں زندہ دیکھنے کے بعد نہ صرف محبتیں دیں بلکہ وہ انتہائی خوش بھی ہوئیں۔

ایک سوال کے جواب میں سعد قریشی نے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی اداکاری سے متعلق تبصرے پڑھتے رہے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین یہ بتاتی دکھائی دیں کہ ان کے بیٹے بھی ایسے ہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ خواتین نے ان کی خودکشی سے متعلق بات نہیں کی بلکہ یہ لکھا کہ ان کےبیٹے بھی والد کے بجائے ماں کی طرفداری کرتے ہیں اور والدہ کے حق کے لیے باپ سے لڑتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران والد کی جانب سے اپنی اداکاری پر بات کرتے ہوئے سعد قریشی جذباتی ہوگئے اور کہا کہ ان کے والد کو ان پر فخر ہوتا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ والد ان کا ہر ڈراما دیکھنے کے بعد انہیں اداکاری میں مارکس دیتے ہیں، اچھی اداکاری پر ان کے نمبرز بڑھ جاتے ہیں۔

سعد قریشی کا کہنا تھا کہ شروع میں والد انہیں 100 میں سے 50 نمبر دیتے تھے، پھر ان کے نمبرز میں اضافہ ہوا اور انہیں 60 مارکس ملنے لگیں۔

اداکار کے مطابق بعد ازاں ان کے نمبر بڑھ کر 70، پھر 80 اور اب 90 تک جا پہنچے ہیں۔

سعد قریشی والد کی محبت اور شفقت پر بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور کہا کہ ان کے والد کو اس وقت ان پر ضرور فخر ہوتا ہوگا جب انہیں ان کے دوست کہتے ہوں گے کہ آپ کا بیٹا اچھا کام کر رہا ہے۔

سعد قریشی کی جانب سے والد کی محبت اور شفقت پر بات کرنے کے دوران آبدیدہ ہونے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ممتا کُلکرنی 25 سال بعد بھارت آنے پر جذباتی ہوگئیں

ہیروئن کاسٹ کرنے ’ہیرا منڈی‘ گئے، جہاں ریما کو مسترد کیا، ناصر ادیب

دو مرتبہ مردہ قرار دیا گیا، ایک بار میری لاش گھر بھجوا دی گئی تھی، سعدیہ سہیل کا دعویٰ