پاکستان

اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی تیزی، انڈیکس 815 پوائنٹس بڑھ گیا

کے ایس ای-100 انڈیکس 815 پوائنٹس یا 0.75 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 9 ہزار 53 کی نئی بُلند ترین سطح تک جا پہنچا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ریکارڈ ساز تیزی کا رجحان آج بھی جاری رہا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 815 پوائنٹس کا اضافہ ہو گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 815 پوائنٹس یا 0.75 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 9 ہزار 53 پر پہنچا، جو گزشتہ روز ایک لاکھ 8 ہزار 238 پر بند ہوا تھا۔

اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے نوٹ کیا کہ متبادل سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع نہ ہونے کے سبب سرمایہ کار ایکویٹیز کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 16 دسمبر کو مرکزی بینک کے زری پالیسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہونا ہے، جس سے شرح سود میں مزید کمی کے اعلان کی توقع ہے، اس وجہ سے بھی انڈیکس میں مثبت رجحان ہے۔

دریں اثنا، عارف حبیب کارپوریشن کے احسن مہنتی نے بتایا کہ اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا اور مارکیٹ میں تجارت کی مالیت 63 ارب روپے (22 کروڑ 70 لاکھ ڈالر) کے ساتھ تقریباً 19 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار 134 پوائنٹس یا 2.9 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 8 ہزار 238 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

اس سے قبل 28 نومبر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نئی تاریخ رقم کرلی تھی، جب بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر گیا تھا۔