پاکستان

شیخوپورہ: پی پی 139 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اعجاز حسین بھٹی 20 ہزار 93 ووٹ لے سکے۔

پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 139 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے رانا طاہر اقبال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کو شکست دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 139 کے ضمنی انتخاب کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا۔

مزید رپورٹ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے رانا طاہر اقبال 44 ہزار 535 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اعجاز حسین بھٹی 20 ہزار 93 ووٹ لے سکے۔

دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 139 پر ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا طاہر کو مبارکباد دی۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ معاشی اعشاریوں میں بہتری کی بدولت پی پی 139 کے عوام فیصلہ سنا دیا، عوام نے انتشار کی بجائے ترقی و خوشحالی کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پی پی 139 کے ضمنی انتخاب نے جلاؤ گھیراؤ کے بیانیے کو مسترد کر دیا، یہ برتری عوام کے پارٹی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاس ہے۔