پاکستان

عمران خان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ منظم پروپیگنڈا کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، فیصل واڈا

بانی پی ٹی آئی نے حکومت سے بات چیت اور سڑکوں کی بجائے اسمبلیوں کا رخ کرنے کا ایک اچھا اور مثبت فیصلہ کیا ہے، سابق وفاقی وزیر

سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ عمران خان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ منظم پروپیگنڈا کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کے ٹوئٹر کو وقتی طور پر نظر انداز کریں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ منظم پراپیگنڈا کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، وہ اپنا ٹوئٹر ہینڈل خود نہیں چلاتے۔

فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ یہ وہی سازشی مہم ہے جس میں بی بی (بشریٰ بی بی)، ان کے حواری اور قاسم سوری جیسے لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان کو پاگل قرار دینے سے مارنے تک کی سازش کر رکھی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سب مل کر بانی پی ٹی آئی کو اس دلدل میں لے جا رہے ہیں جہاں سے اُس کی واپسی نہ ہو، گزشتہ روز اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جان بوجھ کر ایک گھٹیا ٹوئیٹ آگ لگانے کے لیے کی گئی، یہ عمران خان نے نہیں بلکہ باہر بیٹھے سازشیوں نے لکھی۔

فیصل واڈا نے کہا کہ عمران خان نے حکومت سے بات چیت اور سڑکوں کی بجائے اسمبلیوں کا رخ کرنے کا ایک اچھا اور مثبت فیصلہ کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا عمران خان کے ٹوئٹر کو وقتی طور پر نظر انداز کریں ورنہ نقصان اس سے زیادہ ہو گا۔