لائف اسٹائل

چور لاکرز میں رکھی پلاسٹک کی چوڑیاں بھی چرا لے گئے تھے، نادیہ حسین

12 سال قبل میرے گھر میں اس وقت چوری ہوئی جب میں پورے گھر کو بند کرکے شوہر اور بیٹی کے ہمراہ امریکا گھومنے گئی تھی، ماڈل و میک اپ آرٹسٹ

ماڈل و میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین نے انکشاف کیا ہے کہ 12 سال قبل ان کے گھر میں خوفناک چوری کی واردات ہوئی، جس میں چور ان کی پلاسٹک کی چوڑیاں تک چرا لے گئے تھے۔

نادیہ حسین نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے گھر میں ہونے والے پرانے چوری کے واقعے کی داستان بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ 12 سال قبل ان کے گھر میں اس وقت چوری ہوئی جب وہ پورے گھر کو بند کرکے شوہر اور بیٹی کے ہمراہ امریکا گھومنے گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے گھر کے تمام دروازوں پر سی سی ٹی وی کیمرا اور الیکٹرانک کوڈ لگوا رکھے تھے لیکن بالکونی کے ایک دروازے پر ایسا کچھ بھی نہیں تھا اور چور اسی دروازے سے داخل ہوکر چوری کر گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بالکونی کا دروازہ ان کے بیڈ روم میں کھلتا تھا، جہاں ان کے اصلی زیورات سمیت دیگر قیمتی چیزیں بھی پڑی ہوئی تھیں جب کہ ان کے شوہر کی قیمتی گھڑیوں سمیت ان کی دوسری چیزیں بھی وہاں موجود تھیں، جنہیں چور چرا کر لے گئے۔

نادیہ حسین نے بتایا کہ چوروں نے بیڈ رومز کے تمام لاکرز توڑ کر وہاں سے تمام چیزیں چوری کرلی تھیں، یہاں تک کہ چوری ان کی کئی سال پرانی پلاسٹک کی چوڑیاں تک ساتھ لے گئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے اصلی زیورات بھی وہاں موجود تھے، جنہیں چوری کرلیا گیا جب کہ ان کے شوہر کی قیمتی گھڑیاں بھی چوری کرلی گئیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ چوری کرنے والے ان کے گھر سے متعلق ہر بات جانتے تھے، ان کے گھریلو ملازمین کی ملی بھگت کے بغیر چوری ممکن ہی نہیں تھی۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد انہوں نے اپنے گھر کے تین ملازمین کو گرفتار کرواکر انہیں پولیس سے مار بھی پڑوائی لیکن تینوں نے چوری تسلیم نہیں کی اور نہ ہی چوروں سے متعلق کوئی معلومات دی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے اصلی زیور گھر میں کیوں رکھے تھے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ کہیں بھی جانے کے لیے جلد تیار ہونے پر یقین رکھتی ہیں، اس لیے وہ تمام چیزیں اپنے بیڈ روم میں رکھتی تھیں تاکہ باہر جاتے وقت اپنی پسند کے مطابق وہ زیور پہن سکیں۔

’خلیل‘ لفظ پر مزاحیہ ویڈیو بنانے پر نادیہ حسین کو تنقید کا سامنا

’خلیل‘ پر مزاحیہ ویڈیو خلیل الرحمٰن قمر پر نہیں بنائی تھی، نادیہ حسین

میں نے کبھی اپنے شوہر کا کوئی کام نہیں کیا، نادیہ حسین