کھیل

پاکستان نے زمبابوے کو 10وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم اپنے کم ترین اسکور 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مین آف دی میچ قرار پانے والے نوجوان اسپنر سفیان مقیم نے تاریخ ساز باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 3 رنز دے کر 5 شکار کیے۔

3 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی اور سیریز میں 2صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی جب کہ قومی ٹیم کی تباہ کن باؤلنگ کے نتیجے میں پہلے بیٹنگ کرنے والی میزبان ٹیم صرف 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

3 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا اور وہ ابتدا سے ہی مہمان ٹیم کا سامنا کرنے میں مشکل کا شکار رہی۔

زمبابوے کے دونوں اوپنر برین برینیٹ 21 اور ٹاڈی وناشے مارومانی 16 رنز بنا کر دہرے ہندسے میں داخل ہوسکے، ان کے بعد آنے والے کھلاڑیوں کا وکٹ پر قیام ان سے بھی کم رہا جو جلد وکٹیں گنوا کر پویلین لوٹ گئے اور پوری زمبابوین ٹیم 12.4 اوورز میں 57 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

یہ زمبابوے کا ٹی 20 انٹرنیشنل میں کم ترین اسکور ہے، قومی ٹیم کی جانب سے سفیان مقیم نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 3 رنز دے کر 5 شکار کیے، یہ کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی مختصر ترین طرز کی کرکٹ میں سب سے بہترین کارکردگی ہے۔

نوجوان اسپنر نے یہ کارنامہ اپنے کیریئر کے ساتویں میچ میں انجام دیا، ان سے قبل عمر گل نے 2009 اور 2013 میں 6 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

ان کے علاوہ عباس آفریدی نے 2، حارث رؤف اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی بلے بازوں نے معمولی ہدف کو بلا کسی نقصان کے حاصل کرلیا، اوپنر عمیر یوسف 22 اور صائم ایوب 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور اس طرح سے پاکستان نے 57 رنز کا ہدف حاصل کرکے میزبان ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی اور تین میچوں کی سیریز 2صفر سے اپنے نام کرلی۔

تاریخ ساز باؤلنگ کرنے پر سفیان مقیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ انہیں ہدف مقرر کرنے یا اس کا تعاقب کرنے میں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہے۔

یہ میچ زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلا جا رہا ہے جس کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان گزشتہ روز ہی کردیا گیا تھا۔

بلاوائیو میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پہلے میچ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے جب کہ زمبابوے نے بھی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

سلمان علی آغا (کپتان)، صائم ایوب، عمیر بن یوسف، عثمان خان (وکٹ کیپر)، طیب طاہر، محمد عرفان خان، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد، صفیان مقیم

واضح رہے کہ 2 روز قبل پاکستان نے 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دے دی تھی، جبکہ میزبان ٹیم 165 رنز ہدف کے تعاقب میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

پاکستان نے 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کے خلاف پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 165 رنز بنائے تھے۔

166 رنز ہدف کے تعاقب میں زمبابوین ٹیم 16ویں اوور میں 108 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور اس طرح سے پاکستان نے یہ میچ 57 رنز سے اپنے نام کرلیا تھا۔

نوجوان سفیان مقیم اور ابرار احمد نے 3، 3 شکار کیے تھے، جبکہ حارث رؤف نے 2 اور جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

اس سے قبل 28 نومبر کو پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں مہمان زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی تھی۔

دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 10 وکٹ سے شکست دی تھی۔

قبل ازیں بلاوایو میں ہی کھیلے گئے پہلے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن بارش سے متاثرہ میچ میں قومی ٹیم 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز ہی بناسکی تھی۔

بعد ازاں، زمبابوے نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم (ڈی ایل ایس) کے تحت 80 رنز سے شکست دی تھی۔